
چوبیس گھنٹوں میں اکیاسی سرٹیفکیٹس۔ کیرالا کی ایک طالبہ کا عالمی کارنامہ جس نے فلک پر بھارت کا پرچم لہرا دیا
کیرالا سے تعلق رکھنے والی ریحانہ شاہجہاں نامی ایک طالبہ نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ جسے دیکھ کر ہر کوئی حیرت زدہ ہے۔ ریاضی کی آنکھ سے اس کا تجزیہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ محض چوبیس گھنٹوں کے قلیل عرصے میں اکیاسی سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا مطلب ہے کہ ریحانہ نے ہر منٹ میں تین سے زائد علمی توصیفی اسناد اپنے نام کر لیے۔
یہ وہ باہمت لڑکی ہے جو کیرالا کے شہر کوٹائم (Kottayam) میں پلی بڑھی اور جس کے دل میں دہلی کی مایہ ناز یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ سے کامرس کے شعبے میں ایم کام کی سند حاصل کرنے کی آرزو بسی تھی۔ لیکن تقدیر میں کچھ اور ہی لکھا ہوا تھا جس نے آدھے نمبر کے معمولی فرق نے ریحانہ کے خوابوں کی تعبیر کو کچھ عرصے کے لیے مؤخر کر دیا لیکن حوصلے کی شمع اس کے دل میں فروزاں رہی۔ چنانچہ پچیس سالہ ریحانہ نے ہمت نہیں ہاری اور دو اہم پوسٹ گریجویشن کورسز میں آن لائن داخلہ لینے کا فیصلہ کیا۔ اس نے جہاں ایک طرف سماجی کام کے شعبے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے درخواست دی، وہیں دوسری طرف رہنمائی اور مشاورت کے ایک منفرد ڈپلوما کورس میں بھی داخلہ لے لیا۔
جب اس کے دل میں حصولِ علم کی پیاس اور بڑھ گئی تو اس نے مینجمنٹ کے میدان میں بھی قدم رکھنے کی ٹھانی۔ اس کے لیے اس نے کیٹ (CAT) کے داخلہ امتحان کی بھرپور تیاری کی اور اس مشکل ترین امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ ریحانہ اپنے پورے تعلیمی گروپ میں واحد ملیالی طالبہ تھی جس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایم بی اے کے پروگرام میں داخلہ حاصل کیا۔ علم کے تئیں اس کا اشتیاق اس قدر بڑھا کہ اس نے ایک ہی دن میں سب سے زیادہ آن لائن سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا جو شاید مدتوں قائم رہے گا۔ اس کے اس شاندار کامیابی کی گواہ 81 علمی اسناد ہیں۔
یومیہ سب سے زیادہ آن لائن سرٹیفکیٹس کا یہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے والی ریحانہ جب اپنے تجربات بیان کرتی ہیں تو ان کی آنکھوں میں ایک نئی چمک نظر آتی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ کیٹ کا امتحان پاس کرنے کے بعد انہیں اس حقیقت کا ادراک ہوا کہ وہ حصولِ علم میں واقعی نمایاں کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔ ان کا فلسفہ یہ ہے کہ محض خواب دیکھنے کے بجائے عملی قدم اٹھانا ضروری ہے۔ ریحانہ نے مزید کہا کہ وہ ان سرٹیفیکیشن کورسز کے ذریعے اپنے علمی دائرے کو وسیع کرنا چاہتی ہیں اور اپنی کارکردگی کی فہرست کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک دن میں سب سے زیادہ آن لائن سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا پچھلا عالمی ریکارڈ 75 سرٹیفکیٹ کا تھا۔ ریحانہ نے نہ صرف اس ریکارڈ کو توڑا بلکہ اسے مزید بلند کر دیا۔
***
ہفت روزہ دعوت – شمارہ 14 اگست تا 20 اگست 2025