72 گھنٹے کی جنگ بندی کے دوران جنگ زدہ سوڈان سے 534 ہندوستانیوں کو نکالا گیا
نئی دہلی، اپریل 26: وزارت خارجہ نے بدھ کے روز کہا کہ ہندوستان نے جنگ زدہ ملک سوڈان سے اپنے 534 شہریوں کو نکال لیا ہے اور اس شمال مشرقی افریقی ملک سے مزید شہریوں کو نکالنے کی تیاری کر رہا ہے۔
سوڈان میں 15 اپریل کو فوجی رہنما عبدالفتاح البرہان اور ان کے نائب نیم فوجی کمانڈر محمد حمدان ڈگلو کے درمیان ریپڈ سپورٹ فورسز، ایک طاقتور نیم فوجی گروپ، کو قومی فوج میں ضم کرنے کے مجوزہ منصوبے پر کئی ہفتوں تک بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد تشدد پھوٹ پڑا۔
متحارب دھڑوں نے پیر کو 72 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
منگل کو 278 ہندوستانیوں کا ایک ابتدائی گروپ ہندوستانی بحریہ کے آئی این ایس سومیدھا پر سوار ہو کر پورٹ سوڈان سے روانہ ہوا۔ یہ جہاز بعد میں سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا۔
ہندوستانیوں کا دوسرا گروپ رات گئے ہندوستانی فضائیہ کے C-130J طیارے میں سوار ہو کر جدہ ہوائی اڈے پر پہنچا۔ تیسرا گروپ بھی بدھ کی اولین ساعتوں میں ہندوستانی فضائیہ کے C-130J طیارے پر جدہ پہنچا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے کہا کہ جن لوگوں کو جدہ لایا گیا ہے وہ جلد ہی ہندوستان کا اپنا اگلا سفر شروع کریں گے۔
سوڈانی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان 72 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق ہونے کے بعد ہندوستان نے سوڈان سے اپنے شہریوں کو نکالنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔