بہار:حاجی پور کی ایک ڈیری فیکٹری میں امونیا گیس کے اخراج سے 1 کی موت، 30 سے زیادہ اسپتال میں داخل
نئی دہلی، جون 25: بہار کے ویشالی ضلع میں ہفتہ کو ایک ڈیری فیکٹری میں امونیا گیس سلنڈر کے لیک ہونے کے سبب ایک مزدور کی موت ہو گئی ہے اور 35 سے زیادہ لوگ ہسپتال میں داخل ہیں۔
حاجی پور میں راج فریش ڈیری میں رات 10 بجے سے 10.30 بجے کے درمیان گیس کا اخراج ہوا۔ جب کارکن فیکٹری سے باہر نکلنے لگے تو بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی اور ان میں سے کئی زخمی ہو گئے۔
کارخانے کے منیجر راجیو کمار نے کہا ’’ڈیری سے نکالنے کی کوشش کے دوران ایک کارکن کی موت ہو گئی۔ سات سے آٹھ کارکن گیس کی زد میں آئے لیکن سب جلد صحت یاب ہو گئے۔ پلانٹ کی صورت حال قابو میں ہے اور ہم اسے بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ لیک ہونے والی گیس ہوا میں تحلیل ہو کر تقریباً چار کلومیٹر تک پھیل گئی، جس سے سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی۔ یہ واضح نہیں ہے کہ واقعے کے وقت فیکٹری میں کتنے لوگ موجود تھے۔
ابتدائی انکوائری کے مطابق گیس کا اخراج فیکٹری کی جانب سے غفلت کے باعث ہوا ہے، لیکن فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے کہا کہ حکام اب بھی گیس لیک ہونے کی وجہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔