کورونا وائرس: دہلی میں تمام اسکول، کالجز اور سنیما ہال 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان
نئی دہلی، 12مارچ: دہلی حکومت نے جمعرات کو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدام کے طور پر قومی دارالحکومت میں اسکول، کالج اور سنیما ہال رکھنے کا اعلان کیا۔ صرف وہی اسکول اور کالج کھلے رہیں گے جہاں امتحانات جاری ہیں۔
حکومت نے سرکاری یا نجی دفاتر، شاپنگ مالز سمیت تمام عوامی مقامات کو انفیکشن سے محفوظ بنانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل اور اعلی سرکاری عہدیداروں کی ایک اعلی سطحی میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے۔
چیف منسٹر اروند کیجریوال نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ’’تمام سنیما ہال 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر جہاں امتحانات ہو رہے ہیں ان کے علاوہ تمام اسکول اور کالج 31 مارچ تک بند رہیں گے۔ حکومت نے کورونا وائرس کو ایک وبا قرار دیا ہے۔‘‘
Delhi govt has declared Coronavirus an epidemic. We need to exercise abundant caution to contain the disease. All cinema halls, schools, colleges in Delhi will be shut until 31st March, but exams will continue as scheduled. People are advised to stay away from public gatherings. pic.twitter.com/2vHyinNKAP
— Arvind Kejriwal (@ArvindKejriwal) March 12, 2020
ضرورت پڑنے پر کورونا وائرس کے مریضوں کی بھرتی کے لیے اسپتالوں میں 500 سے زیادہ بستروں کی دستیابی کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
کیجریوال نے بتایا کہ اس اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
انھوں نے کہا ’’ہم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ہمیں اس سے مدد ملے گی۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جب کہ ہندوستان میں ہم اب تک اس پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں۔ اگر ہم محتاط رہیں تو ہم اپنے ملک کو کورونا وائرس سے بچاسکتے ہیں۔‘‘