یو پی :راستہ پوچھنے کے بہانے شر پسندوں نے مسلم نوجوان کو بے رحمی سے پیٹا

نئی دہلی ،24مئی :۔

اتر پردیش میں  شر پسند عناصر کے دل سے پولیس اور انتظامیہ کا خوف نکل چکا ہے ۔یہی سبب  ہے کہ آئے دن بد معاش بے خوف ہو کر واردات کو انجام دے رہے ہیں۔خاص طور پر مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کو نشانہ بنانا ایک عام بات ہوتی جا رہی ہے ۔تازہ معاملہ مغربی اتر پردیش کے مظفر نگر کا ہے جہاں کو غنڈوں نے ایک مسلم نوجوان کو راستہ پوچھنے کے بہانے روک کر بے رحمی سے پٹائی کی ۔یہ واقعہ گزشہ روز 22 مئی کا بتایا جا رہا ہے ۔ اس متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے ۔ اس سلسلے میں متاثرہ نوجوان نے پولیس میں شر پسندوں کی شکایت درج کرائی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق   متاثرہ نوجوان کا نام مطلوب ہے وہ دیوبند کو رہنے والا ہے ۔ شرپسندوں کے حملے میں  مطلوب بری طرح زخمی ہو گیا۔متاثرہ کا کہنا ہے کہ سیسونا روڈ پر سفید رنگ کی سوئفٹ کار کھڑی تھی۔میں موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ گاڑی کے باہر کھڑے ایک شخص نے راستہ پوچھنے کے بہانے مجھے رکنے کا اشارہ کیا، میں نے بائیک سائیڈ پر کھڑی کی تو اس نے مجھ سے ہاتھ ملایا ، اسی دوران پیچھے سے تین افراد آئے اور  میرے اوپر حملہ کر دیا ۔مجھے لاٹھیوں سے مارنا شروع کر دیا۔

اس   دوران میری موٹر سائیکل بھی گر گئی، اسی دوران راستے  سے گزر رہے کچھ راہگیروں نے دخل دے کرمیری جان بچائی۔ متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ ملزمان کے ہاتھوں پر سرخ دھاگے بندھے ہوئے تھے اور انہوں نے بریسلٹ پہن رکھے تھے۔

متاثرہ نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ کیس میں نیو منڈی تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت فرد جرم درج کر لی گئی ہے۔ مقامی پولیس کی جانب سے پیشگی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔