یو سی سی :مسلم پرسنل لاء بورڈ کے وفد کی وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات،مخالفت کی اپیل
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی وفد کو یقین دہانی ،کہا ہم اور ہماری پارٹی کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کے حق میں نہیں ہے۔ ہم اس کی مخالفت کریں گے
نئی دہلی،16 جولائی:۔
ملک میں مرکزی حکومت کے مجوزہ یونیفارم سول کوڈ کے خلاف سیاسی رہنماؤں کی حمایت کے لئے مسلم پرسنل لاء بورڈ سر گرم ہے۔اس سلسلے میں آج بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے۔ وفد کی ملاقات کا مقصد یونیفارم سول کوڈ کے تعلق سے مسلمانوں کے موقف سے واقف کرانا تھا۔ وفد میں حج کمیٹی کے سابق چیئرمین مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا عتیق احمد بستوی اور جے ڈی یو کے ایم ایل سی خالد انور سمیت کئی عالم دین شامل تھے۔
اس موقع پر ایم ایل سی خالد انور نے بتایا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ان کی رہائش گاہ پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نمائندوں نے ملاقات کی اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی طرف سے یونیفارم سول کوڈ لانے کے معاملے پر بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انتہائی سنجیدگی سے وفد کی باتوں کو سنا اور یقین دلاتے ہوئے اُنہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہم ہندوستان کے تمام لوگوں کے عقائد کا احترام کرتے ہیں۔ ہم اور ہماری پارٹی اس میں کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کے حق میں نہیں ہے۔ ہم اس کی مخالفت کریں گے ۔ اس دوران وفد نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی تمام کوششوں کی تعریف کی اور ان کی صحت و تندرستی اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے پہلے ہی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے یونیفارم سول کوڈ کے تعلق سے معلومات دی گئی ہے اور ان کے موقف کو جاننے کی کوشش کی گئی ۔ اس پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی پارٹی اور اپنا موقوف واضح کردیا ہے۔