یو این ڈی پی کے ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں ہندوستان دو درجے نیچے گر کر 131 ویں نمبر پر پہنچا
نئی دہلی، دسمبر 17: اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے 2020 کے انسانی ترقیاتی انڈیکس میں ہندوستان کو 189 ممالک میں 131 واں مقام دیا ہے، جو پچھلے سال کے مقام سے دو درجے نیچے ہے۔
یہ انڈیکس ممالک کی طویل المدتی پیش رفت پر نظر رکھتا ہے اور ان کے شہریوں کی طویل اور صحت مند زندگی گزارنے کی صلاحیت، علم تک رسائی اور ایک معقول معیار زندگی گزارنے جیسے عوامل پر غور کرتا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق 2019 کی ہندوستان کی ایچ ڈی آئی ویلیو 0.645 ہے، جس نے اسے درمیانی انسانی ترقی کے زمرے میں رکھا ہے۔
اس انڈیکس میں ناروے پہلے نمبر پر رہا، اس کے بعد آئرلینڈ، سوئٹزرلینڈ، ہانگ کانگ اور آئس لینڈ کا نمبر رہا۔ ہندوستان کے پڑوسی ممالک سری لنکا اور چین بالترتیب 72 اور 85 نمبر پر ہیں۔ جب کہ بنگلہ دیش (133)، میانمار (147)، نیپال (142)، پاکستان (154) اور افغانستان (169) اس فہرست میں کم درجے پر رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمبوڈیا، انڈیا اور تھائی لینڈ میں بچوں کو غذائی قلت سے متعلق زیادہ مسائل ہیں۔
اس دوران ہندوستان کی فی کس مجموعی قومی آمدنی خریداری کی طاقت کی برابری کی بنیاد پر 2018 میں 6،829 سے کم ہوکر 2019 میں 6،681 ہوگئی۔
یو این ڈی پی کے نمائندے شوکو نوڈا نے کہا کہ ہندوستان کی درجہ بندی میں کمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ "ہندوستان بہتر نہیں ہوا، بلکہ دوسرے ممالک نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا”۔