یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک ٹویٹ میں دہشت گرد کہنے والے یوپی کے ایک وکیل پر بغاوت کا مقدمہ درج
لکھنؤ، 17 مارچ: کانپور میں ضلعی عدالت کے وکیل کو اتوار کے روز وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ویڈیو کو ری ٹویٹ کرنے اور انھیں دہشت گرد قرار دینے کے بعد ملک بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ عبدالحنان نے ہفتہ کے روز محکمہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے میڈیا ایڈوائزر شلبب منی ترپاٹھی کے ایک ٹویٹ پر تبصرہ کیا۔ ترپاٹھی کے ٹویٹ میں آدتیہ ناتھ کی ودھان سبھا تقریر کی ایک ویڈیو ہے جس میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں پر لاٹھی چارج کی حمایت کی گئی ہے۔
انھوں نے ویڈیو پر عنوان لکھا ’’تم کاغذ نہیں دکھاؤگے اور دنگا بھی پھیلاؤگے، تو ہم لاٹھی بھی چلائیں گے اور گھر بار بھی بکوائیں گے اور ہاں پوسٹر بھی لگوائیں گے۔‘‘ عبد الحنان نے ترپاٹھی کے اس ٹویٹ کو یوگی آدتیہ ناتھ کو دہشت گرد کہتے ہوئے ری ٹویٹ کیا۔
ایک اور ٹویٹ میں عبد الحنان نے اعلان کیا کہ وہ مظاہرین کو مفت قانونی مدد فراہم کریں گے اور تمام "آئین سے محبت کرنے والوں” سے ان کی پیروی کرنے اور اپنے ٹویٹ کو شیئر کرنے کی درخواست کی۔ کلیان پور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اجے سیٹھ نے بتایا کہ ’’ہم نے اس شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے اور اسے جیل بھیج دیا گیا ہے۔‘‘