یوپی: ہاپوڑ میں  بائک کی معمولی ٹکر کے بعد مسلم نوجوان  کا پیٹ پیٹ کر قتل

نئی دہلی ،25اکتوبر :۔

ہاپوڑ کے ایک گاؤں میں ایک 25 سالہ مسلم نوجوان کو مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی پائی جاتی ہے

اتر پردیش میں ہجومی تشدد کا سلسلہ جاری ہے ۔مغربی اتر پردیش اور دہلی این سی آر میں آنے والے ہاپوڑ کے ایک گاؤں میں ایک 25 سالہ مسلم نوجوان کو مشتعل ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقتول ارشاد محمد کی موٹر سائیکل منگل کی رات دیر گئے گاؤں لوہاری میں دسہرہ کی تقریبات میں شریک ایک شخص سے ٹکرا گئی تھی۔جس کے بعد مشتعل ہجوم نے اسے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق میلے میں بھیڑ کے دوران ایک آدمی سے ارشال کی بائک ٹچ ہو گئی تھی جس کے بعد معمولی حادثہ    جلد ہی پرتشدد ہو گیا اور لوگوں کے ایک گروپ نے ارشاد محمد کو مارنا شروع کر دیا۔ اس پر پتھر سے حملہ کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اسے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ جیسے ہی ارشاد کی موت کی خبر گاؤں میں پہنچی، اس کے اہل خانہ اور مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق بہادر گڑھ پولیس موقع پر پہنچی اور بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ ہاپوڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک ورما نے کہا، "ہم نے ارشاد کی پٹائی کرنے والے پانچ لوگوں کی شناخت کر لی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بہادر گڑھ پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ اس واقعے کی وجہ سے مزید پریشانی سے بچا جا سکے، لوہاری گاؤں میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔‘‘