یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کی تیاریاں جاری
نئی دہلی، جنوری 25: دہلی پولیس کے ذریعے کسانوں کو یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر ریلی کی اجازت دینے کے بعد کسانوں نے اس کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ سب کی نگاہیں کسانوں کی ٹریکٹر ریلی پر مرکوز ہیں جو یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونا ہے۔
غازی پور، سنگھو اور ٹکری بارڈرز پر ریلی کی تیاریاں جاری ہیں۔ کسانوں کا یہ احتجاج اب 61 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے۔
نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق کسان رہنما اور بھارتیہ کسان یونین ایکتا (اُگرہن) کے صدر جوگندر سنگھ نے بتایا کہ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ، راجستھان اور ملک کے دوسرے صوبو کے سیکڑوں کسان اپنی ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ اس ریلی میں حصہ لینے کے لیے دہلی کی طرف روانہ ہوچکے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا ’’رضاکاروں کو کسان پریڈ کے لیے مخصوص کام تفویض کیے گئے ہیں۔ ایک لاکھ سے زیادہ ٹریکٹر پریڈ میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں اور خواتین بھی کھلی ٹرالیوں میں دہلی کی طرف مارچ کریں گی۔‘‘
کسان رہنماؤں نے بتایا کہ وہ قومی دارالحکومت کے علاقہ (این سی آر) کے اندر بیرونی رنگ روڈ پر کسانوں کی جمہوریہ پریڈ کروانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
پنجاب کے کسان رہنما اور بی کےیو کے جنرل سکریٹری پرمندر سنگھ پال نے کہا کہ لاکھوں کسان اس ریلی میں شریک ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ ریلی این سی آر میں 100 کلومیٹر کے دائرے میں ہوگی۔
کسان یونینوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ پر امن طریقے سے ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز کسانوں کو دہلی پولیس سے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنی ٹریکٹر ریلی کے انعقاد کی اجازت ملی۔ دہلی پولیس نے شام کو کہا ’’احتجاج کرنے والے کسان دہلی میں داخل ہوسکتے ہیں لیکن یوم جمہوریہ کی پریڈ کو پریشان نہیں کرسکتے ہیں۔‘‘ پولیس نے بتایا کہ منگل کے روز کسانوں کی مجوزہ ٹریکٹر ریلی کا آغاز یوم جمہوریہ کی تقریبات کے اختتام کے بعد سخت سیکیورٹی کے درمیان ہوگا۔