یوم جمہوریہ: پروگرام میں کوئی مہمان خصوصی نہیں، پریڈ کا دورانیہ بھی کم
نئی دہلی، جنوری 26: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق ہندوستان آج اپنا 72 واں یوم جمہوریہ منائے گا جس کو کورونا وائرس وبائی بیماری کی وجہ سے ایک مختصر پروگرام میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ پروگرام صبح 9 بجے شروع ہوگا اور صبح 11.25 بجے اختتام پذیر ہوگا۔
اس بار پروگرام میں کوئی مہمان خصوصی بھی نہیں ہے۔ مہمانوں کی فہرست مختصر کردی گئی ہے۔ 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ جسمانی دوری کے اصولوں کی پابندی لازمی ہے اور یوم جمہوریہ کی روایتی پریڈ کا دورانیہ بھی مختصر کردیا گیا ہے۔
دی انڈین ایکسپریس کے مطابق پریڈ میں مختلف ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے 17، وزارتوں کے نو اور چھ دفاعی دستوں سمیت بتیس بیچیں آراستہ ہوں گی۔ ان میں پہلی بار لداخ کی جھانکی کو بھی شامل کیا جائے گا۔
مشرقی لداخ میں وادی گلوان میں 15 جون کو چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والے تمام 20 فوجیوں کو بعد ازاں بہادری کے ایوارڈز دیے جائیں گے۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
صدر رام ناتھ کووند نے بھی ملک کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کسانوں اور بھارتی فوج کو درپیش مشکلات کا اعتراف کیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان کو مبارکباد دی۔ جانسن کو سالانہ پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے آنا تھا لیکن انھوں نے اپنے دورے کو برطانیہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی شکل کے وجود میں آنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران پر توجہ دینے کے لیے رد کردیا۔
دریں اثنا زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی سربراہی میں ایک ٹریکٹر ریلی، سرکاری پریڈ کے اختتام کے بعد ہوگی۔ دہلی پولیس نے قومی دارالحکومت میں سیکیورٹی سخت کردی ہے اور کسانوں کو سرحدی علاقوں میں اپنا مارچ نکالنے کی اجازت دی ہے۔