ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن اور کچھ دیگر غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے ’’وژن 2026‘‘ کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران 1.58 لاکھ سے زیادہ تارکین وطن مزدوروں اور بے گھر لوگوں کو امداد فراہم کی گئی

نئی دہلی، یکم جولائی: ایک ملک گیر منصوبے ’’وژن 2026‘‘ کے تحت چھ غیر سرکاری تنظیموں کے ایک گروپ نے لاک ڈاؤن  کے دوران مشترکہ طور پر 19 ریاستوں کے 138 اضلاع میں 1،58،600 سے زیادہ تارکین وطن اور بے گھر افراد کی مدد کی ہے۔

یہ معلومات دیتے ہوئے ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او) نوفل پی کے نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کا سب سے بڑا مقصد اس وقت کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھوک اور بیماری دونوں سے لڑنے میں غریب اور کمزور طبقات کی مدد کرنا ہے۔

’’وژن 2026‘‘ کے تحت مل کر کام کرنے والی چھ این جی اوز میں ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن (ایچ ڈبلیو ایف)، سوسائٹی فار برائٹ فیوچر (ایس بی ایف)، میڈیکل سروس سوسائٹی (ایم ایس ایس)، ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ (ایچ ڈبلیو ٹی)  ماڈل ویلیج ٹرسٹ (ایم وی ٹی) اور دی ویمن ایجوکیشن اینڈ ایمپاورمنٹ ٹرسٹ (TWEET) شامل ہیں۔

ایچ ڈبلیو ایف اور ایس بی ایف کو کچھ دن قبل دہلی کے مختلف علاقوں میں پسماندہ طبقوں کے افراد اور تارکین وطن مزدوروں کو اشیائے خوردونوش، سینٹائزرس اور ماسک وغیرہ کی فراہمی کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ محترمہ ہرلین کور (IAS)، ضلع مجسٹریٹ، جنوب مشرقی ضلع، نئی دہلی نے دیا تھا۔

لاک ڈاؤن کے دوران اس پروگرام کے تحت ان تنظیموں نے 19 ریاستوں میں 45،998 خاندانوں میں گندم کا آٹا، چاول، تیل اور دال جیسے ضروری سامان پر مشتمل راشن کٹس تقسیم کیں۔ 10،000 سے زائد خاندانوں کو راشن کی فراہمی کے لیے سرکاری اسکیموں سے منسلک کیا گیا۔

نوفل نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، مہارت کی ترقی، مائیکرو فائنانس کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا اور تباہی اور دیگر قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیاں کرنا ہے۔