ہند-چین تناؤ کے درمیان وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ماسکو میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی
نئی دہلی، ستمبر 5: ہندوستان اور چین کے درمیان جاری سرحدی تنازعے کے دوران وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعہ کے روز ماسکو میں اپنے چینی ہم منصب وی فینگ سے ملاقات کی۔
دونوں وزرا نے شہر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بات چیت کی۔ اطلاعات کے مطابق چینی وزیر دفاع نے سنگھ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کو ہندوستان نے کہا تھا کہ چین نے 31 اگست کو ایک بار پھر اشتعال انگیز فوجی چھیڑ چھاڑ کی ہے۔ کشیدگی میں نئی شدت اس روز آئی جب ہندوستانی فوج نے کہا کہ اس نے چینی فوج کی اس طرح کی ’’اشتعال انگیز‘‘ حرکتوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
ہندوستانی فوج کے سربراہ منوج مکند نروانے نے جمعہ کے روز ہی کہا تھا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول کی صورت حال ’’قدرے کشیدہ‘‘ ہے اور سیکیورٹی بڑھانے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔
جمعرات کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے تجویز پیش کی کہ چین کے ساتھ لائن آف ایکچول کنٹرول کے ساتھ جاری کشیدگی کا حل ڈپلومیسی کے ذریعے تلاش کرنا ہوگا۔
معلوم ہو کہ لداخ میں 15 جون کو ہندوستانی اور چینی فوجیوں کی پہلی بار سرحد پر جھڑپ ہوئی تھی، جس میں 32 ہندوستانی فوجی اپنی جان گنوا بیٹھے تھے اور 76 زخمی ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر اس جھڑپ میں نامعلوم تعداد میں چینی فوجی بھی ہلاک ہوئے تھے۔