’’وزیر اعظم مودی میرے بہترین دوست، ہندنژاد امریکی مجھے ووٹ دیں گے‘‘: ٹرمپ

واشنگٹن، ستمبر 5:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز کہا کہ انھیں یقین ہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں ہندنژاد امریکی برادری انھیں ووٹ دے گی۔

ایک میڈیا بریفنگ میں جب ان سے یہ پوچھا کہ کیا انھیں لگتا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ہندنژاد امریکی انھیں ووٹ دیں گے، تو انھوں نے کہا کہ ’’ہاں‘‘۔

ٹرمپ نے کہا ’’پچھلے سال ہیوسٹن میں ہم نے ایک تقریب کی تھی اور وہ ایک حیرت انگیز تقریب تھی۔ وہ ناقابل یقین تھی۔ وزیر اعظم مودی اس سے زیادہ سخی نہیں ہوسکتے تھے۔ ہمیں ہندوستان اور وزیر اعظم مودی کی بڑی حمایت حاصل ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہندوستانی لوگ ٹرمپ کو ووٹ دیں گے۔‘‘

ٹرمپ نے مزید کہا ’’وزیر اعظم مودی میرے بہت اچھے دوست ہیں اور وہ بہت اچھا کام کررہے ہیں، یہ کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن وہ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات رواں سال 3 نومبر کو ہونے ہیں۔