ہاردک پٹیل کہاں ہیں؟ ان کی اہلیہ کے مطابق وہ 18 جنوری سے لاپتہ ہیں
احمد آباد، فروری 14— گجرات کے پاٹیدار برادری کے رہنما ہاردک پٹیل کے گذشتہ 20 روز سے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
ان کی اہلیہ کنجل پٹیل نے آج احمد آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر 18 جنوری سے لاپتہ ہیں۔ انھیں شبہ ہے کہ اس کی گمشدگی میں پولیس کا ہاتھ ہے۔
لیکن جب صحافیوں نے پولیس سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ انھیں ہاردک پٹیل کے ٹھکانے کا کوئی پتہ نہیں ہے۔
ہاردک پٹیل کے خلاف پولیس میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے ان کے خلاف حال ہی میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔
تاہم ہاردک پٹیل کا ٹویٹر اکاؤنٹ ایک الگ کہانی سناتا ہے۔ پٹیل کے ٹویٹر ہینڈل سے ظاہر ہوتا ہے کہ انھوں نے 22، 23، 24 جنوری اور 9، 11 اور 12 فروری کو پیغامات ٹویٹ کیے۔
9 اور 11 فروری کو اپنے ٹویٹس میں انھوں نے گجرات حکومت پر ریاست میں پنچایت انتخابات قریب آنے کی وجہ سے انھیں سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا الزم لگایا۔
11 فروری کو صبح 10.18 بجے انھوں نے اروند کیجریوال کو ایک پیغام ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے دہلی اسمبلی انتخابات میں AAP کی زبردست فتح پر انھیں مبارکباد دی۔ انھوں نے ٹویٹ میں کیجریوال کے ساتھ اپنی تصویر کو بھی ٹیگ کیا ہے۔
لیکن ان کی اہلیہ نے زور دیا کہ پٹیل 18 جنوری سے لاپتہ ہیں، اس وقت سے کنبہ کے کسی فرد کا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا "میں ان کی عدم موجودگی سے سخت متاثر ہوئی ہوں”۔
انھوں نے کہا کہ 2017 میں گجرات حکومت نے 2015 میں پاٹیدار احتجاج کے دوران پاٹیداروں کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
انھوں نے مزید کہا ’’لیکن حکومت ہاردک پٹیل کو تن تنہا نشانہ بنا رہی ہے۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے دو دیگر پاٹیدار رہنماؤں کے خلاف حکومت کچھ نہیں کررہی ہے۔‘‘
11 فروری کو اپنے ٹویٹ میں ہاردک پٹیل نے کہا ’’چار سال پہلے گجرات پولیس نے میرے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران میں نے احمدآباد پولیس کمشنر سے مجھ پر مقدمات کی تفصیلات طلب کیں، لیکن میرے خلاف مقدمات کی فہرست میں یہ معاملہ نہیں تھا۔ پندرہ دن پہلے پولیس مجھے تحویل میں لینے کے لیے میرے گھر پہنچی لیکن میں اپنے گھر پر نہیں تھا۔‘‘
11 فروری کو ایک اور ٹویٹ میں ہاردک پٹیل نے کہا ’’اس جھوٹے معاملے میں پیشگی ضمانت کا عمل ہائی کورٹ میں جاری ہے۔ میرے خلاف کئی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔ گجرات میں پنچایت انتخابات قریب ہیں لہذا گجرات حکومت مجھے جیل میں ڈالنا چاہتی ہے۔ لیکن میں بی جے پی کے خلاف لوگوں کی لڑائی جاری رکھوں گا۔ جلد ملاقات ہوگی۔ جے ہند۔‘‘