ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کو دہلی فسادات کے دوران پیر میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے شان محمد کو جلد از جلد معاوضہ دینے کی ہدایت کی

نئی دہلی، جولائی 11: دہلی ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ شمال مشرقی دہلی فسادات کا شکار ہونے والے ایک شخص کے، جسے کے پیر میں گولی لگی تھی، معاوضے کے لیے داخل درخواست پر فوری طور پر کارروائی کرے۔

جسٹس پرتبھا ایم سنگھ نے کہا ’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ درخواست گزار (شان محمد) کو شدید چوٹ پہنچی ہے۔ معاوضہ جاری کرنے میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘‘

حکم نامے میں ہدایت دی گئی ہے کہ ’’درخواست گزار کی درخواست پر مطلوبہ طریقۂ کار کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے اور اطمینان حاصل ہونے پر اسکیم کے تحت معاوضہ درخواست گزار کو 8 جولائی سے 10 دن کی مدت میں جاری کیا جانا چاہیے۔‘‘

حکم نامے میں لکھا گیا ہے ’’اگر ایس ڈی ایم آفس کو درخواست گزار کی درخواست میں کوئی کوتاہی نظر آتی ہے تو درخواست دہندہ کو 10 جولائی تک اس بات کی اطلاع دی جائے۔‘‘

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اسے گولی لگی تھی اور اس کا علاج شاستری پارک کے جگپرویش اسپتال میں ہوا ہے۔ اس کے وکیل نے عرض کیا کہ میڈیکل اور قانونی رپورٹ تین مواقع پر جمع کروانے کے باوجود معاوضے کے لیے درخواست منظور نہیں کی گئی ہے۔

دہلی حکومت کے وکیل نے عرض کیا کہ درخواست گزار کی درخواست موصول ہوگئی ہے اور اگر وہ مکمل ہوجاتی ہے تو وہ حکام کو معاوضہ جاری کرنے کی ہدایت کرے گی۔