گوا کے گورنر ستیہ پال ملک کا تبادلہ، کانگریس نے دو سال میں ستیہ پال ملِک کے تین تبادلوں پر اٹھائے سوال
نئی دہلی، اگست 18: راشٹرپتی بھون کے ایک حکم کے مطابق گوا کے گورنر ستیہ پال ملک کا تبادلہ میگھالیہ کر دیا گیا ہے اور مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو گوا کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔
ملک کا یہ گذشتہ دو سالوں میں تیسرا تبادلہ ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق کانگریس نے اس فیصلے پر تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ انھیں سچ بولنے اور کورونا وائرس وبائی بیماری، ماحولیات اور مہادائی ندی کے پانی کے تنازعہ سے نمٹنے جیسے معاملات پر ایک مضبوط مؤقف اختیار کرنے کے سبب تبدیل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس وبائی امراض کے درمیان ایک نیا راج بھون تعمیر کرنے کی تجویز پر ملِک نے اس ماہ کے شروع میں ریاستی حکومت سے اختلاف کیا تھا۔ انھوں نے حکومت کے اس منصوبے کو ’’غیر منطقی اور غیر مہذب‘‘ قرار دیا تھا۔
ملک کو گذشتہ سال اکتوبر میں جموں و کشمیر سے گوا منتقل کیا گیا تھا۔ انھیں21 اگست 2018 کو جموں وکشمیر کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔
جموں و کشمیر سے قبل ملِک بہار کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے تھے۔