مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمتیں صرف ریاستی نوجوانوں کے لیے مختص ہوں گی: شیوراج سنگھ چوہان

مدھیہ پردیش، اگست 18: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت سرکاری شعبے میں ملازمت کی تقرریوں کو صرف ریاست کے نوجوانوں کے لیے مخصوص رکھنے کے لیے قانونی اقدامات کرے گی۔

چوہان نے یوم آزادی کی تقریب میں اپنے خطاب میں کیے گئے اعلانات پر عمل درآمد کے حوالے سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنے وزرا اور اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی اور ضروری ہدایات دیں۔

انھوں نے کہا ’’ہماری حکومت نے آج ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ ہم ضروری قانونی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمتیں صرف ریاست کے نوجوانوں کو ہی دی جائیں۔‘‘

انھوں نے ریاست میں او بی سی کوٹہ کو 14 فیصد سے بڑھا کر 27 فیصد کرنے کے حق میں عدالت میں مقدمہ لڑنے کی بھی بات کی۔