گجرات: انسداد دہشت گردی بل کو ملی صدر جمہوریہ کی منظوری
پچھلے 15برسوں میں 4 بار لوٹا گیا تھا یہ بل
نئی دہلی، 6 نومبر | گجرات کنٹرول آف ٹیررزم اینڈ آرگنائزڈ کرائم (جی سی ٹی او سی) بل کو ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے منظور کر لیا ہے۔ کچھ متنازعہ دفعات کی وجہ سے یہ بل پچھلے 15 برسوں میں تین سابق صدور کے ذریعہ راشٹرپتی بھون سے واپس کیا گیا تھا۔
2003 میں گجرات کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم (جی یو جے سی سی) بل کے طور پر اس قانون کو اس وقت تشکیل دیا گیا تھا جب وزیر اعظم نریندر مودی گجرات کے وزیر اعلی تھے۔ مارچ 2015 میں اس کا نام گجرات کنٹرول آف ٹیررزم اینڈ آرگنائزڈ کرائم (جی سی ٹی او سی) بل کر دیا گیا۔ تاہم 2003-2017 کے درمیان اس بل کو ہندوستان کے تین صدور نے چار بار واپس کر دیا تھا۔
2004 میں اس وقت کے صدر اے پی جے عبدالکلام نے اس بل کے مختلف مسودوں پر غور کیا تھا اور اسے مسترد کردیا تھا۔ اس کے بعد ہندوستان کی صدر پرتبھا پاٹل نے 2008 میں اور پھر 2009 میں دوبارہ ایسا ہی کیا۔ جنوری 2016 میں صدر پرنب مکھرجی نے اس بل کے چوتھے مسودے پر وضاحت طلب کی، جسے وزارت داخلہ نے ستمبر 2015 میں پیش کیا تھا۔ ان کے اعتراضات کے بعد وزارت داخلہ نے بل واپس لے لیا اور ایک بار پھر اسے گجرات حکومت کو بھجوا دیا۔ یہ بل ایک بار پھر صدر مکھرجی کو جنوری 2017 میں بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار کے آخری دن (25 جولائی، 2017) تک اس بل کو منظور نہیں کیا۔
مانا جاتا ہے کہ بل کے دو متنازعہ نکات نے تین صدور کو اس پر دستخط کرنے سے روک دیا۔ ایک خصوصیت وقفہ ٹیلیفونک گفتگو کو بطور درست ثبوت کی قبولیت ہے۔ دوسرا، بطور ثبوت پولیس افسران کے سامنے اعتراف جرم بھی قابل قبول ہوگا۔
اس کا پہلا نکتہ نیا ہے جبکہ دوسرا ایم سی سی اے (مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ) میں شامل کیا گیا تھا۔ نیز اب اس کو پوٹا (انسداد دہشت گردی ایکٹ) میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ تاہم اسے یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ) میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
ہندوستانی ثبوت ایکٹ 1872 کے سیکشن 25 اور 26 کے مطابق پولیس کے سامنے اعتراف جرم عدالت کے نزدیک ملزم شخص کے جرم کا ثبوت نہیں ہے۔
صدر رام ناتھ کووند نے اس بل پر اپنی منظوری دے دی ہے۔ منگل (5 نومبر) کو گاندھی نگر میں گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلہ پردیپ سنگھ جڈیجا نے اس کا اعلان کیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق بل کی دفعات دہشت گردی اور منظم قتل، پونزی اسکیموں، منشیات کے کاروبار اور بھتہ خوری کے الزامات سے نمٹنے میں اہم ثابت ہوں گی۔
یہ قانون مکمل ناانصافی ہے: ایم ایل اے جیگنیش میوانی
صدر کے ذریعہ اس بل کی منظوری کے بعد گجرات سے آزاد ایم ایل اے جگنیش میوانی نے بدھ کے روز ٹویٹ کیا "یہ قانون مکمل ناانصافی اور انسانی وقار اور رازداری کی توہین ہے۔”یہ ریاست کے ذریعہ اختیارات کی زیادتی کے ساتھ ساتھ پولیس کے ذریعہ بے گناہوں پر غیر قانونی تشدد کا سبب بنے گا۔ کتنے شرم کی بات ہے!”
میوانی نے مزید کہا کہ اس بل سے بے گناہوں کو، خاص طور پر مسلمانوں کو سزا دی جائے گی۔
انہوں نے ٹویٹ کیا "اسے دو صدور نے لوٹایا تھا۔ بی جے پی کو ان کے کسی بھی اعتراض کی پرواہ نہیں تھی۔ اس کی وجہ آسان ہے: بے گناہوں کو، خاص طور پر مسلمانوں کو، ہندو تفاخر کی سزا۔ "