کیرالہ میں مسلم اکثریتی خطے سے متعلق خبر جعلی: بی جے پی کی ممبر پارلیمنٹ پر فرقہ وارانہ تناؤ بھڑکانے کے لیے مقدمہ درج

نئی دہلی، جنوری 24: کیرالہ پولیس نے کرناٹک سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رہنما شوبھا کارندلاجے کے خلاف ایک جعلی خبر، کہ ملاپورم ضلع کے کٹی پورم میں ایک کالونی کے ہندوؤں کو پانی تک رسائی سے روک دیا گیا ہے کیوں کہ وہ سی اے اے کی حمایت کررہے ہیں، پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے ۔

کارندلاجے کرناٹک کے اڈوپی- چکمگلور حلقہ سے لوک سبھا کی رکن ہیں۔ 22 جنوری کو انھوں نے ٹویٹ کیا "کیرالہ ایک اور کشمیر بننے کے لیے چھوٹے قدم اٹھا رہی ہے۔ ملا پورم کے کٹی پورم پنچایت کے ہندوؤں کو پانی کی فراہمی سے انکار کردیا گیا کیونکہ انھوں نے سی اے اے کی حمایت کی۔ سیوا بھارتی تب سے ہی پانی کی فراہمی کررہی ہے۔”

ایف آئی آر سپریم کورٹ میں مشق کرنے والے ایک وکیل سبھاش چندرن کے آر کی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ 153 اے (مذہب، نسل وغیرہ کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے مابین دشمنی کو فروغ دینے) کے تحت کٹی پورم پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔ خود کٹی پورم سے تعلق رکھنے والے سبھاش نے اپنی شکایت میں یہ الزام لگایا ہے کہ یہ ٹویٹ غلط معلومات فراہم کررہا ہے اور اس کا مقصد فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا ہے کیونکہ اس علاقے کی بڑی آبادی مسلمان ہے۔

بی جے پی کی رکن پارلیمان نے اپنے بعد کے ٹویٹس میں بھی کیرالہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہندوؤں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک کے خلاف کام کرنے کے بجائے کیرالہ حکومت نے ان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

کٹی پورم پولیس کے ایک سب انسپکٹر ارووند ای اے نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ رہائشی علاقے کو ایک نجی شخص کے بور ویل سے پانی فراہم کیا جارہا تھا۔ "بور ویل کنکشن زرعی کام کے لیے لیا گیا تھا اور حال ہی میں انھیں ریاستی بجلی بورڈ نے غیر زرعی استعمال کے لیے پانی کی فراہمی کے لیے انتباہ جاری کیا تھا۔ انھیں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر وہ کسی اور مقصد کے لیے بورویل کو استعمال کرے گا تو اس کے بور ویل سے بجلی کا رابطہ منقطع ہوجائے گا اور اسی وجہ سے اس نے وہاں کے رہائشیوں کو پانی کی فراہمی بند کردی اور اسی سے پانی کا بحران پیدا ہوا۔”

وہیں کارندلاجے کے ٹویٹ کے نتیجے میں شمالی ہندوستان اور قومی دارالحکومت میں بھی ردعمل سامنے آیا۔

ایک معروف انگریزی نیوز چینل نے اپنی پرائم ٹائم بحث پر اس مسئلے کو اٹھایا۔ نئی دہلی سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی نے پانی کی فراہمی کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔