کیرالہ اور پنجاب کے بعد راجستھان حکومت سی اے اے کے خلاف قرارداد پیش کرے گی

نئی دہلی، جنوری 24: کیرالہ اور پنجاب کی ریاستی اسمبلیوں کے ذریعے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قراردادیں منظور کرنے کے بعد اب راجستھان حکومت نے آج سے شروع ہونے والے ریاستی اسمبلی اجلاس میں بھی ایسی ہی ایک قرارداد پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس کا اعلان راجستھان کے نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے کیا ہے۔

کیرالہ اور پنجاب کی ریاستی اسمبلیوں نے سی اے اے سے دستبرداری کے لیے قراردادیں منظور کر لی ہیں۔

انڈین ایکسپریس نے آج ایک خبر میں پائلٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ مرکز کو ملک بھر میں اس قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں کی بات سننی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ بات چیت نہ ہونے پر جمہوریت کمزور ہوجاتی ہے۔

پائلٹ نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ "راجستھان اسمبلی اس سیشن میں سی اے اے کے خلاف قرارداد پیش کرے گی”۔

پائلٹ نے کہا کہ اگر حکومت کے کچھ اقدامات سے لوگوں تو تکلیف ہو تو آئین لوگوں کو احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے۔ لیکن یہ بات حیران کن ہے کہ اگر کوئی احتجاج کرتا ہے تو اس پر حملہ کر کے اسے ملک دشمن کہا جاتا ہے۔ یہ بات قابل قبول نہیں ہے۔