کیرالہ اور پنجاب کی حکومتوں نے شہریت ترمیمی بل کو نافذ کر نے سے کیا انکار

نئی دہلی: کیرالہ اور پنجاب کی ریاستی حکومتوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں شہریت ترمیمی بل کو نافذ کرنے سے منع کر دیا ہے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے شہریت ترمیمی بل کوہندوستان کی سیکولر فطرت  کے خلاف بتاتے ہوئے  کہا کہ ان کی حکومت  اس بل  کو اپنی  ریاست میں نافذ نہیں کرےگی۔

کیپٹن امریندر نے کہا کہ ریاست میں اکثریت والی کانگریس پارٹی اسمبلی  میں اس غیر آئینی بل کو روک دےگی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت  اس قانون کے ذریعے ملک کے سیکولر تانے  بانے کو بگاڑنے نہیں دےگی۔

اس کے علاوہ کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنرئی وجین نے بھی شہریت ترمیمی بل کو غیر آئینی  بتایا اور کہا کہ ان کی ریاست اس کو نہیں اپنائے گی۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہندوستان  کو مذہبی طور پر باٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وہیں بائیں محاذ کی 5 پارٹیوں نے 19 دسمبر کوشہریت ترمیمی بل کے خلاف مشترکہ طورپرایک ملک گیر احتجاج کا اعلان  کیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(ایم)، کمیونسٹ پارٹی(ایم ایل) لبریشن، آل انڈیا فارورڈ بلاک اور ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی نے کہا کہ بل نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کا مقصد ہندوستان کی سیکولر فطرت اور جمہوری بنیادوں کوتباہ کرنا ہے۔

(ایجنسیاں)