’’کھیلو انڈیا‘‘ پروگرام میں شرکت کرنے کے لیے مودی کے گوہاٹی آ نے پر آسام طلبا یونین نے دی بڑے پیمانے پر احتجاج کی دھمکی
نئی دہلی، دسمبر30: آسام اسٹوڈنٹس یونین (AASU)، جو متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کی سربراہی کررہی ہے، نے متنبہ کیا ہے کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی 10 جنوری کو ’’کھیلو انڈیا‘‘ کھیلوں کے افتتاح کے لیے گوہاٹی آئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جا ئے گا۔
امکان ہے کہ وزیر اعظم کھیلو انڈیا یوتھ گیمز کے تیسرے ایڈیشن کے افتتاح کے لیے آسام کا دورہ کریں گے ، یہ شہریت ترمیمی قانون پارلیمنٹ کے ذریعے منظور ہونے کے بعد ان کا مشرقی ریاست کا پہلا دورہ ہوگا۔
اے اے ایس یو کے صدر دیپانکا کمار ناتھ نے کہا "اگر وزیر اعظم آئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا ” ناتھ نے مزید کہا کہ مودی کے سفر کی تصدیق ہونے پر ہی اس احتجاج کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گیارہ دسمبر کو پارلیمنٹ کے ذریعہ CAA کے منظور ہونے کے فورا بعد گوہاٹی اور ریاست کے دیگر حصوں میں زبردست مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ پُرتشدد مظاہروں پر قابو پانے کے لیے پولیس نے فائرنگ کی تھی جس میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ان مظاہروں کے پیش نظر بھارت اور جاپان کا سربراہی اجلاس، جو 15 سے 17 دسمبر تک گوہاٹی میں ہونا تھا، ملتوی کردیا گیا تھا۔ وزیر اعظم مودی کی اپنے جاپانی ہم منصب شنزو آبے سے ملاقات کو بھی ریاستی دارالحکومت میں کرفیو کے دوران رد کر دیا گیا تھا۔
آسام ناگپور سے نہیں چل سکتا: راہل
دریں اثنا کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے بھی متنازعہ شہریت ترمیمی قانون پر آر ایس ایس اور بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "آسام کو آر ایس ایس کے چڈی والا نہیں چلائیں گے”۔ وہ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر گوہاٹی میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
راہل نے زور دے کر کہا کہ کانگریس کسی بھی ہندوستانی کو ملک میں رہنے کے حق سے روکنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انھوں نے کہا "آسام اپنی ثقافت اور تاریخ کے بارے میں اچھی طرح جانتا ہے۔ آسام کے لوگ جانتے ہیں کہ ریاست صرف فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ ترقی کر سکتی ہے۔ میں واضح طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم آسام کی تاریخ، زبان اور ثقافت پر بی جے پی-آر ایس ایس کو حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ آسام ناگپور کے ذریعہ نہیں چلے گا اس کو چڈی والے آر ایس ایس کے افراد نہیں چلائیں گے۔ آسام کو آسام کے لوگ چلائیں گے۔”