کولکاتا میں امت شاہ کی ریلی میں لگایا گیا ’’گولی مارو۔۔۔‘‘ کا نعرہ
کولکاتا، یکم مارچ — ’’دیش کےغداروں کو، گولی مارو….‘‘ جیسے اجتماعی طور پر اشتعال انگیز نعرے اطلاعات کے مطابق اتوار کو کولکاتا میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خطاب کردہ ایک ریلی کے قریب اٹھائے گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نعرے لگانے والے زعفرانی لباس پہنے ہوئے تھے اور بی جے پی کے جھنڈے ہاتھوں میں لیے ہوئے تھے۔
ایسا لگتا ہے کہ یہ نعرے ایک معیاری جملے کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں جو بی جے پی کے کئی سینئر اور جونیئر قائدین اپنے نجی عوامی پروگراموں میں استعمال کرتے ہیں۔
دہلی کے اسمبلی انتخابات کے دوران مسلمانوں کے خلاف یہ اشتعال انگیز نعرے شمال مشرقی دہلی میں مسلم مخالف تشدد کی ایک وجہ قرار دیے گئے ہیں جس میں اب تک 42 اموات کے علاوہ سینکڑوں مکانات، دکانوں اور شوروموں کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ 300 سے زیادہ افراد کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ کئی ہزار افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوچکے ہیں اور وہ واپس جانے کی حالت میں نہیں ہیں کیونکہ ان کے گھر تقریبا تباہ ہوچکے ہیں اور ان کی مرمت کے لیے بہت پیسہ اور وقت درکار ہوگا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے سی اے اے کی حمایت کی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر قانون کے نفاذ کو روکنے کے لیے فسادات بھڑکانے اور ٹرینوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔
ابھیشیک بنرجی نے ٹویٹ کیا ’’مسٹر شاہ! بنگال تعصب کے اور اس نفرت کے بغیر بہتر ہے جو بی جے پی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کولکاتا اور مغربی بنگال میں کئی مقامات پر شاہین باغ سے متاثر سی اے اے کے خلاف متعدد مظاہرے سامنے آئے ہیں اور خود ممتا بنرجی نے سی اے اے مخالف متعدد مارچ میں حصہ لیا تھا۔
ممتا حکومت نے ریاست میں قومی آبادی کے رجسٹر (این پی آر) کی مشق کی بھی اجازت نہیں دی ہے کیونکہ ایسا کہا جاتا ہے یہ کہ قومی شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) کی تیاری کا پہلا قدم ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے مطابق سی اے اے این آر سی کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال ہوگا۔