کورونا ٹیسٹ نہ کروانے پر یوپی کے ایک شخص کی پیٹ پیٹ کر لی گئی جان

بجنور (اتر پردیش)، 24 مئی: مبینہ طور پر دہلی سے واپسی کے بعد کورونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کروانے کے الزام میں ایک شخص اپنے چچا زاد بھائیوں کے حملے میں فوت ہو گیا۔

یہ واقعہ ضلع بجنور کے گاؤں ملک پور میں پیش آیا۔

منجیت سنگھ (23) جمعہ کو میرٹھ میں علاج کے دوران فوت ہو گیا۔

اتوار کے روز متوفی کے والد، کلیان سنگھ کی طرف سے درج شکایت پر منجیت کے چچا زاد بھائیوں، کپل اور منوج، ان کی والدہ پنیہ اور منوج کی بیوی ڈولی کے خلاف نہتور پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایس ایچ او، نہتور پولیس اسٹیشن، ستیہ پرکاش سنگھ نے بتایا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق منجیت کی موت سر کے زخموں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

علاج کے دوران ڈاکٹروں کے ذریعہ اس کا نمونہ کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے جمع نہیں کیا گیا تھا۔

بجنور کے ایڈیشنل ایس پی سنجے کمار نے بتایا کہ جب وہ 19 مئی کو دہلی سے بجنور پہنچا تو انھوں نے اس کی تھرمل اسکریننگ کی، رپورٹ منفی تھی لہذا اس کا نمونہ جمع نہیں کیا گیا۔

ایس ایچ او ستیہ پرکاش سنگھ نے کہا ’’واپسی کے بعد سے کپل اور منوج باقاعدگی سے منجیت سے اپنا ٹیسٹ کروانے کے لیے کہہ رہے تھے۔ جمعرات کے روز انھوں نے دوبارہ منجیت سے اپنا ٹیسٹ کروانے کو کہا جس کے بعد ان کے مابین ایک تکرار ہو گئی۔ ملزم لاٹھی لائے اور منجیت کو مارنا شروع کر دیا۔ اس کے سر اور کندھے پر چوٹیں آئیں۔ جب منجیت بے ہوش ہو گیا تو اسے والدین کے ذریعے اسے سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک دن بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔‘‘