کورونا وائرس کی وجہ سے بجٹ اجلاس وقت سے پہلے ختم، لوک سبھا نے فائنانس بل پاس کیا
نئی دہلی، 23 مارچ: پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے کورونا وائرس کے تناظر میں پیر کو قبل از وقت بجٹ اجلاس ختم کردیا۔ لوک سبھا نے اس فیصلے کے بعد بغیر بحث و مباحثے کے فائنانس بل 2020 کو منظور کر لیا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے فائنانس بل میں 40 سے زائد ترامیم کی ہیں۔
ترامیم کو بحث کیے بغیر منظور کرنے کا فیصلہ اسپیکر اوم بریلا کی زیرصدارت آل جماعتی اجلاس میں کیا گیا۔ تاہم اپوزیشن نے جو ترامیم کی تھیں وہ منظور نہیں کی گئیں۔ یہ بل 2020-21 کے لیے مرکز کی مالی تجاویز کو نافذ کرتا ہے۔
لوک سبھا کو کوئی اگلی تاریخ دیے بغیر ہی ملتوی کر دیا گیا۔
جب سیتارامن بل میں مختلف ترامیم پیش کر رہی تھیں تو لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے مداخلت کرنے کی کوشش کی، کیوں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ شعبوں کے لیے مالی پیکیج کے بارے میں جاننا چاہتے تھے۔
دی ہندو کے مطابق چودھری نے کہا ’’ہم فائنانس بل پاس کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ہمیں وزیر خزانہ کی طرف سے معاشی پیکیج کا کچھ اعلان سننے کی ضرورت ہے۔‘‘ تاہم نرملا سیتا رمن نے کوئی جواب نہیں دیا۔
اجلاس کے اختتام کے وقت وزیر اعظم نریندر مودی ایوان میں پہنچے اور ممبران پارلیمنٹ نے ان کے ساتھ کھڑے ہو کر طبی پیشہ ور افراد، ضروری خدمات کے کارکنوں اور میڈیا کے اہلکاروں کو کوڈ 19 کے خلاف جنگ میں ان کے کردار کے لیے کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا۔
واضح ہو کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 3 اپریل کو ختم ہونا تھا۔