کورونا وائرس: متاثرین کی مجموعی تعداد ساڑھے تین لاکھ کے قریب، وزیر اعظم آج کریں گے ریاستوں کے وزراے اعلیٰ کے ساتھ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال

نئی دہلی، جون 16: وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس بحران پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے منگل اور بدھ کے روز تمام ریاستوں اور مرکزی ریاستوں کے سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں گے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اب دنیا کا چوتھا بدترین متاثرہ ملک ہے، جہاں 3.4 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کے متاثرین ریکارڈ کیے گئے ہیں 9،900 اموات ہوئی ہیں۔

وزیر اعظم کے دفتر نے گذشتہ ہفتے ان کی ان کانفرنسوں کا شیڈول ٹویٹ کیا تھا۔ آج سہ پہر تین بجے مودی پنجاب، آسام، کیرالہ اور جھارکھنڈ سمیت 21 ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے وزرائے اعلی سے بات کریں گے۔

بدھ، 17 جون کو ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ 15 ریاستوں کے سربراہوں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔

یہ وزیر اعظم کی بڑھتے ہوئے صحت کے بحران سے متعلق وزرائے اعلیٰ سے چھٹی ملاقات بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ ہوگی۔ آخری مرتبہ ایسی بات چیت 12 مئی کو ہوئی تھی۔

معلوم ہو کہ دہلی، مہاراشٹر اور تمل ناڈو جیسے ہندوستان کے بڑے آبادی والے مراکز میں کورونا وائرس کی صورت حال خاص طور پر تشویشناک ہے۔ اتوار کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی حکومت کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور دارالحکومت میں وبا کو قابو میں کرنے کے لیے ریلوے کوچوں کی تعیناتی اور مزید جانچ جیسے اقدامات کا اعلان کیا۔ انھوں نے دہلی کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کے لیے پیر کو ایک کل جماعتی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ قومی دارالحکومت میں اب تک 42،000 سے زیادہ واقعات سامنے آئے ہیں اور 1،400 اموات کی اطلاع ملی ہے۔

ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر میں اب تک 1 لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ پیر کے روز ریاست میں 2،786 نئے کیسز اور 178 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ریاست میں کیسوں کی کل تعداد 1،10،744 ہوگئی اور اموات کی تعداد 4،128 ہوگئی۔

صرف ممبئی میں ہی 59،000 سے زیادہ معاملات ہیں۔

دریں اثنا ملک بھر میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 3،43،091 ہوگئی اور اموات کی تعداد 9،900 تک جا پہنچی ہے۔ وہیں اب تک 1،80،012 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔