کورونا وائرس: تہاڑ جیل نے 400 سے زیادہ قیدیوں کو عبوری ضمانت اور پیرول پر رہا کیا

نئی دہلی، مارچ 29: پی ٹی آئی کے مطابق دہلی کی تہاڑ جیل کے حکام نے ہفتہ کے روز ہندوستان میں کم سے کم 929 افراد کو متاثر اور 25 اموات کا سبب بننے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے جیلوں کو بچانے کے لیے 400 سے زیادہ قیدیوں کو رہا کیا۔

ایک نامعلوم جیل اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ کل 419 قیدیوں میں سے 356 افراد کو 45 دن کی عبوری ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، جب کہ باقی 63 افراد کو آٹھ ہفتے کے ایمرجنسی پیرول پر رہا کیا گیا۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ اگلے چند روز میں مزید قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

عام آدمی پارٹی کی حکومت کے ذریعے گذشتہ ہفتے جیل کے قواعد میں ترمیم کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ مجرموں کی بھیڑ سے جیلوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کا خطرہ کم کرنے کے لیے خصوصی پیرول اورضمانت حاصل کرنے کے اختیارات مہیا کیے جائیں۔ جیل میں ترمیم شدہ قواعد غیر معمولی حالات جیسے مہاماری یا قدرتی آفت یا کسی بھی دوسری صورت حال میں قیدیوں کی بھیڑ کو کم کرنے کا حکم دیتے ہوئے 60 دن کی پیرول کی فراہمی کا بندوبست کرتے ہیں۔

پیر کے روز جیل حکام نے کہا تھا کہ انھوں نے عالمی صحت کے اس بحران کے وقت زیادہ سے زیادہ بھیڑ سے بچنے کے لیے 3،000 کے قریب قیدیوں کو رہا کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ تاہم خطرناک مجرموں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے اس حکم کے اگلے دن آیا ہے، جس میں سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں اور مرکزی ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ اعلی سطحی کمیٹیاں تشکیل دیں جو سات سال سے کم سزا والے قیدیوں یا زیر سماعت مجرموں کو پیرول یا عبوری ضمانت پر رہا کرنے پر غور کریں۔