کورونا وائرس: تبلیغی جماعت میں شرکت کرنے والے آٹھ ملیشیائی شہریوں کو اندرا گاندھی ہوائی اڈے سے قرنطینہ مراکز بھیجا گیا

نئی دہلی، اپریل 5: ایک امیگریشن اہلکار کے مطابق دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملیشیا جانے والی خصوصی پرواز میں سوار ہونے سے روکے جانے کے بعد آٹھ ملیشیائی شہریوں کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ 8 افراد ملیشیا جانے والی خصوصی پرواز میں سوار ہونا چاہتے تھے، جب انھیں امیگریشن اہلکاروں نے روکا، پھر پتا چلا کہ وہ ان غیر ملکی شہریوں کی فہرست میں شامل ہیں جو نظام الدین میں تبلیغی جماعت کے مرکز میں مذہبی اجتماعات میں شریک ہوئے تھے۔ ان کی اسناد کی تصدیق ملیشیا کے سفارت خانے سے کی جارہی ہے۔

اس سے متعلقہ پیش رفت میں دہلی پولیس کے ایک عہدیدار نے بھی تصدیق کی کہ آٹھ ملیشیائی شہریوں کو محکمہ امیگریشن نے ان کے حوالے کیا ہے۔ بعدازاں انھیں طبی معائنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ’’محکمۂ صحت کی طرف سے ان کے نمونے لینے کے بعد ملیشیا کے تمام شہریوں کو قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔‘‘