کورونا وائرس: بہار میں عوامی مقامات اور دفاتر میں ماسک نہ پہننے پر بھرنا ہوگا 50 روپیے کا جرمانہ
پٹنہ، جولائی 4: بہار حکومت ان لوگوں پر 50 روپیے کا جرمانہ عائد کررہی ہے جو عوامی مقامات پر یا دفاتر میں ماسک نہیں پہنتے ہیں۔ جرمانہ ادا کرنے والوں کو ان کی حوصلہ افزائی کے لیے دو مفت ماسک بھی دیے جائیں گے۔
حکومت نے ریاست کے تمام ضلع مجسٹریٹس سے حکم کو نافذ کرنے کے لیے کہا ہے۔
ریاستی محکمۂ صحت نے 3 جولائی کو ’’بہار وبائی امراض کوویڈ 19 ضابطہ 2020‘‘ کے تحت یہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ سزا آئی پی سی کی دفعہ 188 (سرکاری ملازمین کے ذریعے نافذ کردہ حکم کی نافرمانی) کے تحت عائد کی جائے گی۔
محکمۂ اطلاعات اور تعلقات عامہ کے سکریٹری انوپم کمار نے کہا ’’عوامی مقامات یا دفاتر میں لوگوں کے لیے ماسک پہننا یا چہرے کو ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد پر 50 روپیے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ بہار میں کوویڈ 19 کے مثبت معاملات کی تعداد 11،460 ہے، جن میں 84 اموات بھی شامل ہیں۔ ریاست میں اب تک 8،211 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔