کورونا وائرس: آسام حراستی مراکز کے قیدیوں کے اہل خانہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کی رہائی کے خواہاں
گوہاٹی، اپریل 10— آسام کے حراستی مراکز میں مقیم افراد کے کنبے، ہندوستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس یا کوویڈ 19 کی وبا کے پیش نظر اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے خوف زدہ ہیں۔
حراستی مراکز کے قیدیوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ متعدی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے پہلا اور فوری اقدام معاشرتی فاصلہ ہے، جو حراستی مراکز میں ناممکن ہے۔ آسام میں چھ حراستی مراکز میں تقریباً 800 افراد قید ہیں۔
اہل خانہ ریاستی حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ حراستی مراکز کے قیدیوں تک بھی اس وبا کی وجہ سے سپریم کورٹ کے ذریعے گذشتہ ماہ دی گئی ’عام معافی‘ میں توسیع کی جائے۔ 23 مارچ کو سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں اور مرکزی ریاستوں کو حکم دیا تھا کہ وہ سات سال تک جیل میں قید افراد اور ان افراد کو بھی جو زیادہ سے زیادہ سات سال قید کی سزا والے مقدمات کی سماعت کے منتظر ہیں، کی پیروی پر رہائی پر غور کریں۔ عدالت عظمیٰ کے اس حکم کے بعد ہزاروں قیدیوں کو ملک کی جیلوں سے رہا کیا گیا۔
ایمنسٹی انڈیا نے حراستی مرکز کے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا
انسانی حقوق کے گروپ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گذشتہ ہفتے آسام حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ حراستی مراکز کے قیدیوں کو رہا کریں کیونکہ اس نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد 700 سے زیادہ قیدیوں کو رہا کیا تھا۔
ایمنسٹی انڈیا نے کہا ’’جب آسام حکومت کی جانب سے 700 سے زائد قیدیوں کو ناول کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے رہا کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا جارہا ہے، آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ آسام کے چھ حراستی مراکز میں قید افراد کو بھی فوراً رہا کریں۔‘‘
ایمنسٹی نے ’’خوفناک زندگی کے حالات‘‘ کا حوالہ دیا ہے جس میں زیادہ بھیڑ، قیدیوں کی مختلف اقسام کے مابین علا حدگی کا فقدان اور حراستی مراکز میں ناکافی طبی سہولیات شامل ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوناش کمار نے کہا ’’جیسے جیسے کورونا وائرس پورے ہندوستان میں پھیل رہا ہے، آسام حکومت کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ حراستی مراکز میں قید افراد کو انفیکشن کا زیادہ خطرہ ہے اور انھیں ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہیے اور اس کا آغاز ان کی فوری رہائی کے ساتھ کرنا چاہیے۔‘‘
قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں: پولیس
حراستی مرکز کے قیدیوں کے اہل خانہ کی طرف سے اٹھائے جانے والے خدشات کے پیش نظر سونیت پور ضلع کے ڈپٹی کمشنر منویندر پرتاپ سنگھ نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ ہر قیدی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اپنی جگہ اٹھائے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا ’’ہم نے نئے قیدیوں کو رکھنا چھوڑ دیا ہے۔ ہر ایک کی مستقل بنیادوں پر ڈاکٹروں کے ذریعے اسکریننگ کی جارہی ہے اور یہاں کورونا وائرس کے پھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔‘‘