کلاس 10، 12 کے طلبا کو اپنے سرٹیفکیٹ اور مارک شیٹس میں نام تبدیل کرنے کی اجازت دیں: دہلی ہائی کورٹ نے سی بی ایس ای سے کہا
نئی دہلی، اکتوبر 14: دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کو طلبہ کے لیے اپنے 10 اور 12 مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ میں نام، کنیت یا دیگر تفصیلات تبدیل کرنے کے لیے ایک نظام وضع کرنے کی تجویز دی۔
چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس پرتیک جلان کے بنچ نے ان مراعات کے لیے دائر بےشمار درخواستوں کے تناظر میں سی بی ایس ای سے خاص طور پر اس تجویز پر غور کرنے کو کہا۔
بنچ نے کہا کہ ایسی قانونی چارہ جوئی کرنا اچھا نہیں ہے۔ ’’یہ وکلاء کے لیے اچھا ہوسکتا ہے، لیکن کسی ادارہ کے لیے نہیں۔‘‘
بنچ نے بورڈ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے فارم میں ایک کالم یا ایسی جگہ مہیا کرے جس سے طلبا کو ضروری تبدیلیاں کرنے کی اجازت ہو۔
بنچ نے کہا ’’ایک کالم بنائیں جہاں لوگ اپنی مرضی کے مطابق تبدیلیاں لاسکیں۔ یہ اس کا نام یا کنیت ہے، آپ کا نہیں۔ انھیں جتنی بار چاہیں اسے تبدیل کریں۔ ہر طالب علم اس کی طلب نہیں کررہا ہے۔‘‘
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ جو تبدیلیاں کی جائیں اس کو سرٹیفکیٹ کے کسی کونے یا نیچے سے بھی شامل کیا جاسکتا ہے جو ابتدائی طور پر فراہم کردہ تفصیلات بھی ظاہر کرے گا۔
سی بی ایس ای کے وکیل نے کہا کہ بورڈ کسی کی شناخت کی تصدیق نہیں کرسکتا اور مزید کہا کہ وہ صرف پہلی بار فراہم کردہ معلومات کو سرٹیفکیٹ میں رکھتا ہے۔ تاہم بنچ نے کہا ’’آپ پہلی شناخت کی بنیاد پر سرٹیفیکٹ نہیں دے رہے ہیں، بلکہ آپ اس کی جانب سے پیش کردہ معلومات پر دے رہے ہیں۔ لہذا یہ پہلی، دوسری یا تیسری بار ہو، آپ پیش کی گئی معلومات کے مطابق اسے تبدیل کریں۔‘‘
عدالت مارچ کے ایک جج کے حکم کے خلاف سی بی ایس ای کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی جس میں عدالت نے ہدایت کی تھی کہ وہ ایک طالب علم کی کلاس 10 اور 12 کی مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ میں طالب علم کا والدہ کا نام تبدیل کرے۔