کانپور پولیس نے ’’لو جہاد‘‘ کے مبینہ معاملات کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی
کانپور، ستمبر 15: کانپور پولیس نے شادی کے بہانے مبینہ طور پر زبردستی مذہب تبدیل کروانے کے متعدد مقدمات کی تحقیقات کے لیے ایک آٹھ رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔
یہ فیصلہ صرف کانپور ضلع میں ہی ایک ماہ کے دوران ہونے والے تقریباً 11 واقعات کی اطلاع کے بعد لیا گیا ہے، جن میں اکثریتی برادری کی لڑکیوں نے شادی کرنے کے لیے لڑکے کے عقیدے کے مطابق اپنا مذہب تبدیل کر دیا۔
اس تحقیقات کا حکم ایک ہندو تنظیم کے اصرار پر دیا گیا ہے، جس کے ممبران نے کانپور کے آئی جی سے ملاقات کر کے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب کانپور کی ایک خاتون شالینی یادو نے رواں سال جولائی میں ایک مسلمان شخص محمد فیصل سے شادی کی تھی۔
لڑکی کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ یہ ’’لو جہاد‘‘(بعض مخصوص تنظیموں کے ذریعہ مسلمانوں کو بدنام اور اسلام کی شبیہہ کو داغدار بنانے کے لیے استعمال کیا جانے والی ایک خاص اصطلاح) کا معاملہ ہے۔
تاہم اس جوڑے نے دہلی کی عدالت سے رجوع کیا اور جبری طور پر مذہب تبدیل کرنے کے الزامات کی تردید کی۔ یہاں تک کہ شالینی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ کانپور (جنوبی) پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپک بھوکر کی سربراہی میں ایس آئی ٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ ان مبینہ واقعات کے پیچھے کسی بھی طے شدہ طریقِ کار یا سازش کی جانچ کرے۔
عہدیدار کے مطابق ایس آئی ٹی ایسے معاملات میں اسلامی تنظیموں کے مبینہ کردار کی بھی ممکنہ طور پر تفتیش کر سکتی ہے۔
خبر کے مطابق پولیس اس بات کا پتہ لگانے کے لیے سازش کے زاویے پر غور کررہی ہے کہ آیا اس میں شامل نوجوانوں کو بیرون ملک سے مالی اعانت فراہم کی جارہی ہے یا نہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے مقامی پولیس تھانوں سے رابطہ کیا ہے اور گذشتہ دو سالوں میں اس طرح کے تمام مبینہ معاملات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
بھوکر نے کہا کہ تفتیشی ٹیم روابط قائم کرنے کے لیے ایک درجن فون نمبروں سے متعلق ریکارڈ نکال رہی ہے۔
کانپور پولیس نے اس طرح کے معاملے میں دو افراد محسن خان اور عامر کو گرفتار بھی کیا ہے۔ عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ محسن خان نے مبینہ طور پر ایک لڑکی سے سمیر بن کر دوستی کی اور پھر اس سے شادی کرلی۔