ڈاکٹروں سے گھر خالی کرنے کو کہنے والے مکان مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے: دہلی حکومت

نئی دہلی، 25 مارچ: دہلی حکومت نے بدھ کے روز عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ ایسے مکان مالکان کے خلاف "سخت کارروائی” کریں جو ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کو کورونا وائرس سے رابطے کے خوف سے رہائشی کالونیوں سے مکان خالی کرنے پر مجبور کررہے ہیں۔

ایک نوٹیفکیشن میں حکومت نے زونل ڈپٹی کمشنرز کو کارروائی کرنے کا اختیار دیا اور کہا کہ اس طرح کے رویے نہ صرف "کوویڈ 19 کے خلاف جنگ کی جڑوں کو کمزور کرتے ہیں بلکہ لازمی خدمات کی ڈیوٹی میں رکاوٹ کے بھی مترادف ہیں۔‘‘

حکومت نے کہا کہ ضلعی مجسٹریٹ، میونسپل کارپوریشنوں کے زونل ڈپٹی کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ "قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت ایسے مکان مالکان کے خلاف سخت سزای کارروائی کریں۔‘‘

عہدیداروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔

یہ فیصلہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ریذیڈنٹ ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت سے مداخلت کی اپیل کرنے کے بعد لیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن نے یہ کہتے ہوئے کہ ڈاکٹروں اور نرسوں کو گھر کے مالکان کے ذریعے گھر سے نکالنے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، امت شاہ سے پولیس کو ان کی مدد کرنے کا حکم دینے کی اپیل کی تھی۔ ایسوسی ایشن نے کہا ’’اب بہت سارے ڈاکٹر اپنا سارا سامان لے کر سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، وہ ملک میں کہیں نہیں جا سکتے۔‘‘

شاہ نے دہلی پولیس کمشنر ایس این شریواستو سے صحت سے متعلق پیشہ ور افراد سے موصولہ شکایات پر کارروائی کرنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کہا۔

منگل کے روز مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے بھی رہائشی کالونیوں میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی بےحرمتی کی مذمت کی تھی اور اس خبر کے بعد اس کو "شدید افسوسناک” قرار دیا ہے۔

ایئر انڈیا اور انڈیگو کے عملے کے ممبروں نے بھی کہا تھا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے دوران ان کے بہت سے ملازمین کو اپنے اپنے شہروں میں اپنے "لائن آف ڈیوٹی اور ٹریول ہسٹری” کے لیے مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دونوں ایئر لائنز نے چین، اٹلی اور ایران جیسے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لیے اپنے عملے کو بھیجا تھا۔