پی ایم کیئرس فنڈ کی رقم ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں: سپریم کورٹ

نئی دہلی، اگست 18: کورونا وائرس وبائی مرض کے لیے پی ایم کیئرس فنڈ کے تحت جمع کی گئی رقم کو نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (این ڈی آر ایف) میں منتقل کرنے کی درخواست کو رد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج کہا کہ وزیر اعظم کیئرس فنڈ کے ذریعہ جمع کردہ فنڈز بالکل مختلف ہیں اور یہ خیراتی اداروے کے فنڈز ہیں۔

سینٹر فار پبلک انٹرسٹ لٹیگیشن نامی ایک این جی او کی جانب سے وزیر اعظم کیئرس فنڈ کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ دیا۔

جسٹس اشوک بھوشن، آر سبھاش ریڈی اور ایم آر شاہ پر مشتمل تین ججوں کے بنچ نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے یہ فیصلہ سنایا۔

مرکز نے وزیر اعظم کیئرس فنڈ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک رضاکارانہ فنڈ ہے جب کہ بجٹ میں مختص رقم میں قومی ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کا خیال رکھا گیا ہے۔

مرکز نے دلیل دی کہ قومی ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کی موجودگی رضاکارانہ عطیات کے لیے وزیر اعظم کیئرس فنڈ بنانے سے مانع نہیں ہے۔