پرینکا گاندھی نے یوپی حکومت سے تمام مزدوروں کو مفت راشن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا
اتر پردیش، اپریل 17: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج اتر پردیش حکومت سے کہا کہ وہ تمام مزدوروں کو مفت اناج فراہم کریں، جن کے راشن کارڈ ریاست میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب کورونا وائرس کی وجہ سے پورا ملک 3 مئی تک لاک ڈاؤن میں ہے۔
گاندھی نے ریاستی حکومت سے یہ بھی کہا کہ وہ معیشت کی بحالی کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے اور ریاست میں کورونا وائرس کے بحران سے دوچار کسانوں اور مزدوروں کو امداد فراہم کرے۔ گاندھی نے اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ کو لکھے اپنے خط میں کہا ’’میں آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ اترپردیش میں معاشی بحالی کے لیے ٹاسک فورس قائم کریں، جس میں نامور ماہرین کے ساتھ اقتصادی بحالی کی منصوبہ بندی کی جائے۔ اس فورس کا کام ریاست میں معاشی بحالی کے لیے روڈ میپ تیار کرنا ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتیں اس وبائی مرض سے سخت متاثر ہوئی ہیں۔
کورونا وائرس نے ابھی تک اترپردیش میں 805 افراد کو متاثر کیا ہے اور 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 25 مارچ کو ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے بعد سے ملک میں تارکین وطن مزدوروں کی حالت مزید بگڑ گئی ہے، جس میں اب 3 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
ہزاروں مزدوروں نے پیدل یا گاڑیوں میں اپنے آبائی شہروں تک جانے کی کوشش کی۔ لیکن حکومت کے حکم پر ریاستی سرحدیں سیل کر دی گئی ہیں۔ جس کے بعد مزدوروں نے کئی جگہ احتجاج بھی کیا ہے۔
گاندھی نے مطالبہ کیا کہ کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کی خریداری کا یقین دلایا جائے اور گنے کی فصل کے لیے ان کے زیر التوا واجبات کو فوری طور پر ادا کیا جائے۔ انھوں نے آدتیہ ناتھ سے یہ بھی کہا کہ وہ ربیع کی فصلوں کی آسانی سے کٹائی اور خریداری کو یقینی بنائیں۔