پارلیمنٹ کی طرف مارچ کر رہے جامعہ کے طلبا پر پولیس نے کیا لاٹھی چارج

نئی دہلی، فروری 10— جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینکڑوں طلبا اور مقامی رہائشیوں نے سی اے اے-این آر سی-این پی آر کے خلاف احتجاج کرنے کے اپنے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن دہلی پولیس کے اہلکاروں نے انھیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

اطلاعات کے مطابق کچھ طلبا پولیس رکاوٹوں پر کود پڑے لیکن انھیں پولیس نے پیچھے دھکیل دیا۔ بعدازاں پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کی وجہ سے متعدد طلبا زخمی ہوگئے اور متعدد کو حراست میں لیا گیا۔

صبح سے جامع ملیہ کے قریب مارچ کو روکنے کے لیے پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات تھی۔ پولیس نے بیرکیڈز کی متعدد پرتیں بھی کھڑی کردی تھیں۔

کچھ سول گروپوں نے منڈی ہاؤس سے پارلیمنٹ مارچ کا مطالبہ کیا تھا اور جامعہ کے طلبا مارچ میں شامل ہونا چاہتے تھے۔

جامعہ کے طلبا اور مقامی رہائشی 13 دسمبر سے CAA-NRC-NPR کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ پولیس نے مظاہرے کو روکنے کے لیے 13 اور 15 دسمبر کو بھی طاقت کا استعمال کیا تھا۔ پندرہ دسمبر کو احتجاجی مظاہرے پر تشدد ہونے کے بعد پولیس اہلکار کیمپس اور لائبریری تک میں داخل ہوئے تھے اور طلبا پر حملہ کیا تھا۔