پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 29 جنوری سے شروع ہوگا، دو مرحلوں میں ہوگا بجٹ اجلاس
نئی دہلی، جنوری 6: منگل کو مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے کہا کہ بجٹ اجلاس 29 جنوری سے شروع ہوگا اور دو مراحل میں ہوگا۔
جوشی نے کہا کہ سیشن کا پہلا حصہ 29 جنوری سے 15 فروری کے درمیان منعقد ہوگا۔ انھوں نے کہا ’’پہلے حصے میں بجٹ پیش کیا جائے گا اور صدر کا خطاب ہوگا۔ ضروری بل لائے جائیں گے۔ اس میں سوالیہ اوقات کے ساتھ ساتھ وقفہ صفر بھی ہوگا۔‘‘
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند 29 جنوری کو ایوان سے خطاب کریں گے۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ بجٹ اجلاس کا دوسرا حصہ 8 مارچ سے شروع ہوگا اور 8 اپریل کو ختم ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس مرحلے کے دوران مختلف مطالبات اور گرانٹ کے علاوہ دیگر ضروری بل بھی لائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مرکز نے دسمبر میں کورونا وائرس وبائی امراض کے پیش نظر پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس منسوخ کردیا تھا۔ اس سے پہلے ستمبر میں پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں 17 لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ اور آٹھ راجیہ سبھا ممبران کے کورونا مثبت پائے جانے کے بعد اس میں کمی کردی گئی تھی۔