ٹی آر پی گھوٹالہ: سپریم کورٹ نے ممبئی پولیس کے ذریعے جاری کیے گئے سمن کے خلاف ارنب گوسوامی کی درخواست پر سماعت سے انکار کیا، ہائی کورٹ جانے کے لیے کہا
نئی دہلی، 15 اکتوبر: سپریم کورٹ نے جمعرات کو ممبئی پولیس کے جاری کردہ سمن کے خلاف ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کی درخواست مسترد کر دیا۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں بنچ نے انھیں بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا۔
جسٹس چندرچوڑ نے کہا ’’کسی کو بھی بمبئی ہائی کورٹ پر اعتماد ہونا چاہیے۔‘‘
اعلی عدالت نے نشان دہی کی کہ ریپبلک ٹی وی کا ایک دفتر ورلی میں ہے جو فلورا فاؤنٹین کے قریب ہے جہاں بمبئی ہائی کورٹ واقع ہے۔
حکم میں کہا گیا کہ ’’بہتر ہوگا کہ آپ امداد کے لیے ہائی کورٹ میں رجوع کریں۔‘‘
گوسوامی کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل ہریش سالوے نے عدالت عظمیٰ کے ذریعے سماعت سے انکار کے بعد درخواست واپس لینے کا انتخاب کیا۔
سپریم کورٹ میں دائر اپنے حلف نامے میں ممبئی پولیس نے ریپبلک ٹی وی کے ذریعے سی بی آئی تحقیقات کے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیوز چینل فیصلہ نہیں کرسکتا کہ کون سی ایجنسی اس معاملے کی تحقیقات کرے۔
پولیس نے اپنے حلف نامے میں گوسوامی پر اپنے پروگراموں کے ذریعے گواہوں کو دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔