وکاس دوبے انکاؤنٹر: گینگسٹر کے فرار ہونے کی کوشش کے تعلق سے اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس اور مدھیہ پردیش پولیس کے بیان میں تضاد
نئی دہلی، جولائی 12: وکاس دوبے کے فرار ہونے کی کوشش کرنے کے اپنے دعوے کو درست ثابت کرنے کی کوشش میں اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس نے بتایا کہ کانپور کے گینگسٹر نے اسی طرح اس وقت بھی فرار کی کوشش کی تھی، جب اسے مدھیہ پردیش پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
تاہم اتر پردیش ایس ٹی ایف کے اس دعوے کی فورا مدھیہ پردیش پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ دوبے نے ان کی تحویل میں فرار ہونے کی کوئی کوشش نہیں کی۔
یوپی ایس ٹی ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس کی گاڑی ایک حادثے میں پلٹنے کے بعد وکاس دوبے نے فرار ہونے کی کوشش میں ایک پولیس اہلکار کی 9 ایم ایم پستول چھین کر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی فائرنگ میں گینگسٹر کو ہلاک کیا گیا۔
اس واقعے کے ایک دن بعد، جب یوپی پولیس کے انکاؤنٹر کے بیان میں متعدد نقائص اور تضادات کی نشاندہی کی گئی، ایس ٹی ایف نے دعوی کیا کہ مدھیہ پردیش پولیس کے ذریعے مہاکال مندر سے موٹرسائیکل پر پولیس اسٹیشن لانے کے دوران بھی فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
یو پی ایس ٹی ایف کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے مدھیہ پردیش پولیس نے کہا کہ دوبے کو نہ تو موٹرسائیکل پر پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا اور نہ ہی اس نے فرار ہونے کی کوئی کوشش کی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے یوپی ایس ٹی ایف کے ایک اہلکار نے، جو اس ٹیم کا حصہ تھا، کہا کہ ’’پولیس نے ہمیں اجین کے ایک پولیس اسٹیشن میں آنے کے لیے کہا لیکن جب ہم وہاں پہنچے تو ہمیں اطلاع ملی کہ دوبے وہاں نہیں ہے، اسے کسی اور تھانے میں رکھا ہوا ہے۔ انھوں نے ہم سے انتظار کرنے کو کہا۔ ہم نے دیکھا کہ ایک کانسٹیبل دوبے کو لانے موٹرسائیکل پر روانہ ہوا۔ جب دوبے وہاں پہنچا تو وہ موٹرسائیکل سے اترا اور بھاگنے کی کوشش کی۔ جب میری ٹیم اور ایم پی پولیس نے اسے پکڑا تو اس نے ہمارے ساتھ بدسلوکی شروع کردی۔‘‘
اس اہلکار نے مزید کہا کہ ’’اسے یوپی لاتے ہوئے اس نے دوبارہ شیو پوری (ایم پی) میں فرار ہونے کی کوشش کی، جہاں پولیس کی ٹیم اپنی گاڑیوں کے ٹائر پریشر کی جانچ کے لیے رکی تھی۔ لیکن اس بار اسے ایس ٹی ایف کی ٹیم نے پکڑ لیا۔‘‘
تاہم شیوپوری پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس اہلکار نے ایک قومی روزنامے کو دیے گئے اپنے بیان میں اس دعوے کی تردید کی ہے۔