وزیر اعظم کی ’’دیا جلانے‘‘ کی اپیل پر لوگوں کے ذریعے پٹاخے پھوڑنے کے بعد دہلی میں ہوا کا معیار گِرا

نئی دہلی، اپریل 6: دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں کمی دیکھی گئی، جب اتوار کی رات لوگوں وزیر اعظم مودی کی ’’دیا جلانے‘‘ کی اپیل پر پٹاخے پھوڑے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے 21 دن کے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد کئی مقامات پر ہوا کے معیار میں نمایاں بہتری آئی تھی کیوں کہ لوگ گھروں پر ہی رہتے ہیں، بیشتر فیکٹریاں بند ہیں اور نقل و حمل معطل ہے۔ یمنا ندی، جو اکثر زہریلے جھاگ سے بھری ہوئی نظر آتی ہے، وہ بھی کافی صاف ستھری ہے۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق اتوار کی سہ پہر آنند وہار میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 97 تھا – جو اطمینان بخش قسم میں ہے۔ تاہم پیر کے روز ہوا کے معیار کا انڈیکس 143 ہو گیا۔

غازی آباد کے لونی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس پیر کے روز "ناقص” زمرہ میں تیزی سے 176 سے 224 تک گر گیا۔ پیر کے روز نوئیڈا کے سیکٹر 125 میں ہوا کے معیار کا انڈیکس اتوار کی سہ پہر کو اطمینان بخش 67 کے مقابلے 120 تک گر گیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق کولکاتا میں پیر کی صبح ہوا کے معیار کا انڈیکس 151 تھا جو کہ ہفتہ کو 139 کے مقابلے میں گر گیا ہے۔ ایک نامعلوم اہلکار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پٹاخوں کے پھوڑے جانے سے شہر کے متعدد علاقوں میں آلودگی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔

ملک بھر کے لاکھوں ہندوستانیوں نے مودی کی اپیل پر اپنے گھروں پر شمعیں اور لیمپ جلائے اور اتوار کی شام 9 بجے نو منٹ کے لیے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں یکجہتی کے اظہار کے لیے اپنی لائٹس بند کردی تھیں۔ لیکن کچھ لوگوں نے اسے غلط طریقے پر کیا۔