وزیر اعظم مودی نے طوفان سے متاثر بنگال کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے کی عبوری امداد کا اعلان کیا

نئی دہلی، مئی 22: وزیر اعظم نریندر مودی نے امپھان طوفان سے متاثر مغربی بنگال کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے کی پیشگی عبوری امداد کا اعلان کیا۔

شمالی چوبیس پرگنہ ضلع بصیرہاٹ میں گورنر جگدیپ دھنکھار اور وزیر اعلی ممتا بنرجی کے ساتھ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں مودی نے طوفان کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے دوران ہلاک ہونے والے ہر ایک فرد کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور زخمیوں کے لیے 50،000 روپے کا اعلان۔

ریاست میں انتہائی شدید طوفان کے باعث اب تک کم از کم 77 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

کئی مکانوں کے بنیادی ڈھانچے، سرکاری اور نجی املاک کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ’’میں ریاست کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے کی پیشگی عبوری امداد کا اعلان کرتا ہوں۔ زراعت، بجلی اور دیگر شعبوں کو ہونے والے نقصانات کے علاوہ مکانات کو ہونے والے نقصان کا بھی ایک تفصیلی سروے کیا جائے گا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’پریشانی اور مایوسی کے اس دور میں پورا ملک اور مرکزی حکومت بنگال کے عوام کے ساتھ ہیں۔‘‘