والدین کے لیے ورچول اسکولنگ کے بنیادی اصول

 

1۔ باقاعدہ اسکول کی طرح ہوم اسکولنگ کلاسس کا بھی ٹائم ٹیبل تیار کریں تاکہ بچوں کے معمولات میں خلل پیدا نہ ہو اور وہ گھر پر تعلیم کے حصول میں تن آسانی سے کام نہ لیں یا جب دل چاہے آرام کریں، تفریح کریں یا غیر تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔ بچوں کی تعلیمی وجسمانی سرگرمیوں پر خاص دھیان دیں۔
2۔ بچے کی نیند کا خاص خیال رکھیں۔ بچوں کو چاق وچوبند رہنے کے لیے دس گھنٹوں کی نیند ضروری ہوتی ہے۔ بچوں کے سونے اور جاگنے کے اوقات کو یقینی بنائیں۔
3۔ ورچول لرننگ سے قبل بچے کو صبح جسمانی ورزش یا سرگرمی میں مشغول کریں تاکہ جسمانی صحت بہتر رہے۔ بہتر ناشتے سے بچوں کی یکسوئی بڑھتی ہے اور وہ بہتر طریقے سے اکتسابی کام انجام دے سکتے ہیں۔ یہ نہ سوچیں کہ گھر پر ہے جب چاہے کھا لیں گے۔ اس طرح کی سوچ تعلیمی سرگرمیوں کی انجام دہی میں نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ اوقات مقررہ پر کھانا دیں۔ کھانے کے اوقات کو ورچول لرننگ کی بنا تبدیل نہ کریں۔
4۔ اسکول کی طرح مضامین کے لیے گھنٹے (پیریڈ) مختص کریں اور اس پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔
5۔ بچوں کو پڑھنے کے لیے پرسکون جگہ فراہم کریں جہاں ہوا اور روشنی کا گزر ہو۔ بچے کے تعلیمی آلات کتاب، نوٹ بک، پین، کمپیوٹر وغیرہ ترتیب سے رکھیں۔ میز کرسی آرام دہ ہو تاکہ بچہ تکلیف سے محفوظ رہے۔ گھر میں شور وغل نہ ہونے دیں تاکہ بچے کے تعلیمی عمل میں خلل واقع نہ ہو۔
6۔ ورچول سیشن کے بعد کے کام کی جانچ کریں۔کلاسس کے بعد گیاٹ گیجس سے بچوں کو دور کریں انہیں جسمانی سرگرمیوں جیسے چہل قدمی وغیرہ کی ترغیب دیں۔
7۔ براہ راست سیشنس کے دوران کلاس میں قدم رکھنے سے پرہیز کریں۔ دوران امتحان بچے کو صحیح جوابات دینے میں مدد نہ کریں۔ یہ عمل بچوں کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
8۔ اگر درس وتدریس سے متعلق آپ کو کوئی شک ہو تو اسے بچے کے استاد سے رفع کرلیں لیکن براہ راست سیشن کے دوران ایسے عمل سے اجتناب ضروری ہے۔ اگر آپ کسی شئے سے مطمئن نہیں ہیں تو اسکول کے انتظامیہ سے براہ راست گفتگو کریں۔ واٹس ایب میسجیز وغیرہ سے اکثر الجھنیں پیدا ہوتی ہیں۔
9۔ اپنے بچے کے اسکول کا دوسرے اسکولوں سے موازنہ کرنے سے گریز کریں۔ اسکول انتظامیہ پر بھروسہ اور ان کے تعلیمی اقدامات پر اعتماد کریں۔ خیال رہے کہ اسکول کے لیے ہر بچہ خاص اور اہم ہوتا ہے اور ہر اسکول کے اپنے محدود وسائل ہوتے ہیں۔
10۔جماعتوں میں شرکت کے لیے نظم وضبط بہت اہم ہوتا ہے اور گھر پر بھی وقتاً فوقتاً آپ کو اس کی یاددہانی کرانی چاہیے۔ بہتر ہوگا اگر آپ ہر جماعت کے لیے الارم لگا دیں۔
11۔ اگر آپ کو کسی چیلنج کا سامنا ہے تو اسکول انتظامیہ سے ربط پیدا کریں اور مشاورت سے کام لیں۔
12۔ حفظان صحت کو ملحوظ رکھتے ہوئے بچے کو اپنے دوستوں سے ملاقات کا موقع فراہم کریں۔کھیل کود اور دیگر سرگرمیوں میں حفظان صحت اور وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں۔
13۔ بچے کا سیکھنا اس کے مارکس (نشانات) اور گریڈس (درجوں) سے زیادہ اہم ہے۔ بچوں کی محبت وشفقت سے مدد کریں۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 18 تا 24 جولائی 2021