نیشنل لاک ڈاؤن: اروند کیجریوال نے دہلی والوں کو ضروری سامان کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، لوگوں سے کہا کہ گھبرائیں نہیں
نئی دہلی، 25 مارچ: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت کے رہائشیوں کو یقین دلایا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں 21 دن کے قومی لاک ڈاؤن کے دوران انھیں ضروری سامان کی کوئی قلت نہیں ہوگی۔ لاک ڈاؤن کو انفیکشن کا سلسلہ توڑنے کے واحد راستے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کے ساتھ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا ’’گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کل وزیر اعظم مودی کی تقریر کے بعد لوگوں نے ضروری سامانوں کے لیے دکانوں پر قطار لگانی شروع کردی۔ میں ایک بار پھر لوگوں سے گھبراہٹ میں خریداری نہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں، میں ہر ایک کو یقین دلاتا ہوں کہ ضروری سامان کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔‘‘
کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت ضروری خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے پاس جاری کرے گی۔ انھوں نے کہا ’’ان لوگوں کو ای-پاس فراہم کیے جائیں گے جنھیں ضروری خدمات کے لیے اپنی دکانیں اور فیکٹریاں کھولنے کی ضرورت ہے۔‘‘
واضح رہے کہ پورے شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اس کی سرحدیں بھی بند ہیں۔ تمام غیر ضروری سفر ممنوع ہے۔ نجی اور عوامی دونوں طرح کی تمام غیر ضروری خدمات اور ادارے بند کردیے گئے ہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ ’’یہ سب کے لیے مشکل وقت ہے۔‘‘ این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق وزیر اعلی نے مزید کہا ’’ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ مشکلات پیدا نہیں ہوں گی، لیکن ہم ہر ایک کی نگہ داشت کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔‘‘ انھوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ صحت کی دیکھ بھال اور صحافت سے وابستہ لوگوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے نہیں روکا جائے گا۔ تاہم انھوں نے ایسے تمام افراد کو اپنا شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھنے کی یاد دہانی کرائی۔
Delhi CM Arvind Kejriwal: We will issues passes for those providing essential services, E-passes will be provided to those who need to open their shops and factories for these services https://t.co/VOaYgGbLnT
— ANI (@ANI) March 25, 2020
وزیر اعلی نے پولیس کمشنر تک رسائی کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا۔ انھوں نے کہا ’’اگر آپ کو کوئی مشکل پیش آتی ہے تو آپ اس نمبر پر کال کر سکتے ہیں: 23469536‘‘
While we would ensure effective implementation of the lockdown, we also want minimum inconvenience to the public particularly to the lower strata of the society. During the lockdown we would assure that essential supplies are maintained: Delhi Lt Governor Anil Baijal pic.twitter.com/2Lrjw18Dcn
— ANI (@ANI) March 25, 2020
لیفٹیننٹ گورنر بیجل نے کہا کہ وہ ’’لاک ڈاؤن پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی "کم سے کم تکلیف” چاہتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا ’’لاک ڈاؤن کے دوران ہم اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ ضروری سامان کی فراہمی ہوتی رہے۔‘‘ انھوں نے وعدہ کیا کہ شہر میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔