نوح میں انٹرنیٹ سروس 13 روز بعد بحال، دن کا کرفیو بھی ختم

چنڈی گڑھ، 14 اگست :۔

ہریانہ کے نوح اور میوات میں تشدد اور فرقہ وارانہ فساد کے تقریباً 13 دنوں کے بعد حالات اب معمول پر لوٹ رہے ہیں ۔حالات کو دیکھتے ہوئے پیر کو دن کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے اور انٹر نیٹ سروس بھی بحال کر دی گئی ہے ۔  ریاست کے دیگر اضلاع کی طرح نوح میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق31 جولائی کو تشدد کے واقعے کے 13 دن بعد انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔ کلکٹر دھیریندر کھڈگتا نے 14 اور 15 اگست کے لیے کرفیو میں مزید نرمی کی۔ اب صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک لوگوں کی نقل و حرکت پر نرمی ہوگی۔ ہریانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ مول چند شرما نوح میں پرچم کشائی کریں گے۔

تشدد کے واقعے کے بعد ہریانہ حکومت نے مرحلہ وار 13 اگست کی رات 12 بجے تک انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا تھا۔ پیر کو نوح کی حالت نارمل ہوگئی۔ یہاں نہ صرف انٹرنیٹ سروس بحال ہوئی بلکہ بازاروں میں پہلے کی طرح لوگوں کی آمدورفت دیکھی گئی۔

ضلع کے تعلیمی اداروں میں طلباء نے یوم آزادی منانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ 15 اگست کو منعقد ہونے والے اس پروگرام کے لیے طلبہ ثقافتی پروگراموں اور ڈمبل اور پی ٹی شو جیسے پروگراموں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پولیس پریڈ یونٹس بھی ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے پروگرام کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔