نفرت انگیز مواد کی پالیسی سے متعلق جاری تنازعہ کے دوران دہلی اسمبلی کے پینل نے فیس بک کے عہدیدار کو طلب کیا
نئی دہلی، 12 ستمبر: دہلی اسمبلی کے ایک پینل نے فیس بک انڈیا کے نائب صدر اور منیجنگ ڈائریکٹر اجیت موہن کو ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں انھیں 15 ستمبر کو ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے مبینہ طور پر ’’نفرت انگیز مواد پر قابو پانے کی کمپنی کی پالیسی پر دانستہ طور پر عمل نہ کرنے‘‘ کی شکایات کے سلسلے میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔
ہفتہ کو ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اہم گواہوں کے بیانات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ ریکارڈ پر ان کے ذریعے پیش کیے جانے والے گستاخانہ مواد کی بنیاد پر بھی سمن جاری کیا گیا ہے۔‘‘
امن اور ہم آہنگی سے متعلق دہلی اسمبلی کے پینل کی جانب سے یہ نوٹس وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے بعد بھیجا گیا ہے، جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ فیس بک کے ایک سینئر ہندوستانی پالیسی کے عہدیدار نے تلنگانہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ممبر پارلیمنٹ کی نفرت انگیز تقاریر اور پوسٹ پر پابندی روکنے کے لیے اندرونی مواصلات میں مداخلت کی ہے۔
اسمبلی پینل کے نائب سکریٹری نے نوٹس میں کہا ’’ہم آپ (اجیت موہن) کو 15 ستمبر 2020 کو دوپہر 12 بجے ایم ایل اے لاؤنج 1، دہلی ودھان سبھا میں کمیٹی کے روبرو حاضر ہونے کے لیے طلب کر رہے ہیں، اس مقصد کے لیے کہ آپ اپنا بیان ریکارڈ کروائیں اور اس کارروائی میں حصہ لیں۔‘‘