نتیش کمار نے اشارہ کیا کہ وہ کرپوری ٹھاکر کی طرح درمیان میں ہی اپنے عہدے سے ہٹائے جاسکتے ہیں
پٹنہ (بہار)، جنوری 25: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اتوار کے روز اشارہ کیا کہ شاید انھیں کرپوری ٹھاکر کی طرح درمیان میں ہی عہدے سے ہٹا دیا جائے گا کیوں کہ وہ ایک تجربہ کار سوشلسٹ رہنما کی طرح معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ٹائمس آف انڈیا کی خبر کے مطابق جے ڈی (یو) کے آفس میں کرپوری ٹھاکر کی سالگرہ پر منعقد ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ’’کرپوری ٹھاکر جی نے بحیثیت وزیراعلی معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا لیکن انھیں دو سال کے اندر ہی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ہم بھی معاشرے کے تمام طبقات کے مفاد میں کام کر رہے ہیں۔ بعض اوقات معاشرے کے تمام طبقات کے مفاد میں کام کرنے کی وجہ سے کچھ لوگ ناراض ہوجاتے ہیں۔‘‘
کرپوری ٹھاکر جو پہلے سنہ 1970 میں بہار کے وزیراعلیٰ بنے تھے اور انہیں جون 1971 میں چھ ماہ کے بعد سبکدوش ہونا پڑا تھا۔ وہ 1977 میں دوبارہ وزیراعلیٰ بنے تھے لیکن پھر انھیں دو سال اس عہدے پر رہنے کے بعد سبکدوش ہونا پڑا۔ نتیش کمار کا حوالہ ٹھاکر کی دوسری مدت کا تھا جو دو سال تک جاری رہا۔
نتیش نے کہا کہ وہ پہلی بار وزیراعلیٰ بننے کے بعد سے کرپوری ٹھاکر کی یوم پیدائش منارہے ہیں اور ٹھاکر کے افکار کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ اتوار کو پٹنہ میں نتیش کی پارٹی کے انتہائی پسماندہ طبقات کے ذریعہ اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔
نتیش کمار نے اپنی حکومت کی کامیابیو کو بھی شمار کیا اور کہا ’’نومبر 2005 میں میرے اقتدار میں آنے کے پہلے دن سے ہی ایس سی، ایس ٹی، اقلیتوں، انتہائی پسماندہ طبقات اور خواتین کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اسکیمیں عمل میں لائی گئیں۔ پنچاتی راج اداروں میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن فراہم کیا گیا تھا تاکہ انھیں نچلی سطح پر مناسب نمائندگی دی جاسکے۔‘‘
واضح رہے کہ نتیش کمار کی پارٹی نے گذشتہ سال نومبر میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں نہایت کم فرق سے جیت حاصل کی اور ان کی پوزیشن اس اتحادی حکومت میں مستحکم نہیں ہے۔