پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے مانگی معافی، کہا میرا بیان غلط طریقے سے پیش کیا گیا
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمان پرگیہ ٹھاکر نے ناتھورام گوڈسے کو ’دیش بھکت‘ قرار دینے والے اپنے بیان پر لوک سبھا میں معافی مانگی۔ پرگیہ نے کہا کہ ان کے بیان سے اگر کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔ مالیگاؤں دھماکہ کی ملزمہ اور بھوپال سے رکن پارلیمنٹ پرگیہ نے کہا کہ وہ وہ مہاتما گاندھی کی ملک کے لیے خدمات کا احترام کرتی ہیں۔
پرگیہ ٹھاکر نے کہا ’’اگر میرے ذریعہ ایوان میں دیے گئے کسی بیان سے کسی بھی شخص کو تکلیف پہنچی ہے، میں اظہار افسوس کرتے ہوئے معذرت کرتی ہوں۔ لیکن میں یہ بھی کہنا چاہتی ہوں کہ پارلیمنٹ میں دیے گئے میرے بیان کو غلط طریقے سے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔‘‘
واضح رہے کہ پرگیہ ٹھاکر کے بیان پر حزب اختلاف نے ہنگامہ برپا کر دیا تھا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔ چاروں طرف سے فضیحت ہونے کے بعد بی جے پی کی قیادت نے جمعرات کو پرگیہ ٹھاکر کو ان کے بیان پر مبینہ طور پر ڈانٹا اور وزارت دفاع کی مشاورتی کمیٹی سے باہر کر دیا۔
(ایجنسیاں)