مہاراشٹر نجی اسپتالوں میں بھی کوویڈ 19 مریضوں کے لیے 100 فیصد مفت علاج کرے گا
ممبئی، مئی 2: مہاراشٹر پہلی ریاست ہے جس نے کوویڈ 19 کے تمام مریضوں، یہاں تک کہ نجی اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کے لیے بھی 100 فیصد مفت علاج کی پیش کش کی ہے۔
ریاست میں سب سے زیادہ مریض (10،498) ہیں اور سب سے زیادہ اموات بھی (459) وہیں ہوئی ہیں۔ ممبئی میٹروپولیٹن خطہ، جس میں تھانہ، نوی ممبئی، کلیان، وسائی، ویرار وغیرہ شامل ہیں، ناگپور، پونے اور ناسک ریاست کے ہاٹ سپاٹس میں شامل ہیں۔
جمعہ کے روز مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ریاست کے تمام باشندوں کو مہاتما جیوتبھا پھولے ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت کوویڈ 19 کے مریضوں کو 100 فیصد مفت علاج کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر پہلی ریاست ہے جس نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور وبائی امراض ایکٹ 1897 کے تحت کوویڈ 19 مریضوں کے لیے اس طرح کی پیش کش کی ہے۔
ٹوپے نے کہا ’’اس سے پہلے ہم اس کے تحت 85 فیصد ریاست کو لائے تھے لیکن اب باقی 15 فیصد جو سفید راشن کارڈ رکھتے ہیں اور سرکاری اہلکاروں کے لیے بھی COVID-19 کے خلاف صحت انشورنس کور میں توسیع کی جائے گی۔ یہ کور مکمل طور پر مفت ہو گا۔‘‘
انھوں نے کہا کہ رہائشیوں کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ نجی اسپتال COVID-19 کے علاج معالجے کے لیے بھاری فیس وصول کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا ’’ہمیں یہ شکایت موصول ہوئی ہے کہ نجی اسپتالوں میں کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے روزانہ 1 لاکھ روپے وصول کیا جاتا ہے۔ ہم نے ممبئی اور پونے شہر کے مریضوں کے لیے جنرل انشورنس پبلک سیکٹر ایسوسی ایشن (GIPA) کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ اسپتال وارڈ یا کمرے کی جسامت اور سہولیات سے قطع نظر صرف سرکاری نرخوں کے مطابق ہی چارج لیں گے۔ مہاراشٹر کے باقی حصوں میں ، تیسری پارٹی کا معاہدہ ہوگا اور عام وارڈ کی شرحیں وصول کی جائیں گی۔ ہم نے COVID-19 کے تمام مریضوں کے لیے ایک معیاری فارمیٹس طے کیا ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا یہ فیصلہ نجی اسپتالوں پر لازم ہے۔
انھوں نے مزید کہا ’’کوویڈ 19 کے علاج کے علاوہ دیگر طبی علاج اور سرجری بھی مہاتما جیوتبھا پھولے ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت دی جائے گی۔ اس سے قبل 496 اسپتال اس اسکیم میں شامل تھے۔ اب 1000 سے زیادہ نجی اسپتال اس کا حصہ ہیں۔‘‘