مہاراشٹر: حکومت نے کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک کے قرض کی معافی کا کیا اعلان
ناگپور: مہاراشٹر حکومت نے ہفتہ کے روز قرض کے بوجھ تلے کسانوں کو راحت دیتے ہوئے ان کے دو لاکھ روپے تک کے قرض کی معافی کا اعلان کیا ہے اور دو لاکھ روپے کی رقم کسانوں کے اکاؤنٹ میں براہ راست جمع کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ناگپور میں جاری سرمائی اجلا س کےآخری دن وزیر اعلی ادھوٹھاکرے نے اس سلسلے میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قرض معافی کا آغاز مارچ سے شروع ہوگا اور اس اسکیم سے ریاست کے ہر اس کسان کو فائدہ حاصل ہوگا جو قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔
اسی دوران حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے حکومت کو کسانوں کے ساتھ دھوکہ کرنے والی حکومت قرار دیا اور کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی حکومت نے اقتدارمیں آنے سے قبل کسانوں کی مکمل قرض واپسی کا وعدہ کیا تھا لیکن صرف دو لاکھ روپے قرض معافی کا اعلان کر کے ان کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن سرمائی اجلاس کے روز اول سے ہی یہ مطالبہ کرتے آرہی ہے کہ کسانوں کے مکمل قرض کو معاف کیا جائے اور اس تعلق سے بی جے پی نے ایوان میں اور ایوان کے باہر بھی متعدد مرتبہ احتجاج کیا تھا۔
(ایجنسیاں)